ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کا آسٹریلین اوپن کافاتحانہ آغاز
اسلام آباد (این این آئی)عالمی نمبر ایک جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کا آغاز فاتحانہ انداز میں کر لیا۔ گزشتہ روز میلبورن میں کھیلے گئے ویمنز ڈبلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور ان کی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگس نے کولمبیا کی ماریانہ ڈوک اور برازیل کی ٹیلینا پریرا کو بآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔ ان کی جیت کا سکور 6-2 اور 6-3 رہا۔ ایک اور میچ میں عالمی نمبر تین جوڑی کیرولین گریشیا اور کرسٹینا ملیڈینووچ نے ارجنٹائن کی ماریا ارگیوین اور سپین کی ماریا ٹریزا کو 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔