پاکستان کا مصالحتی کردار
مکرمی!مسلم آبادی دُنیا کی ایک بڑی آبادی ہے اور قدرتی وسائل کا بڑا حصہ مسلم ممالک کے تصرف میں ہے۔ ان تمام افرادی قوت اور قدرتی وسائل کی دولت کے باوجود مسلمان دنیا میں ظلم اور تشدد کا شکار ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔ ہر مُلک اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتا ہے، جبکہ مسلم اتحاد کسی کی ترجیح نہیں، جس کا فائدہ غیر مسلم قوتیں اٹھا رہی ہیں۔ ان کے باہمی تنازعات کو ہوا دے کر آپس میں پھوٹ ڈالی جا رہی ہے اور مسلم قوت کو مزید کمزور کرنے کی سازش جاری ہے۔ حال ہی میں ایران اور سعودی عرب تنازعہ خطرناک صورت اختیار کر گیا، جس کی وجہ سے پوری مسلم اُمہ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔پاکستان واحد مسلم ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے اپنا کردار احسن انداز سے نبھا رہا ہے اور سیاسی اور عسکری قیادت کا دونوں ملکوں کا دور اس ضمن میں مثبت پیش رفت ہے جسے جاری رکھنا چاہئے۔ دیگر ممالک کو بھی پاکستان کا ساتھ دینا چاہئے۔ (عشرت اختر۔۔۔ لاہور)