ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

  

لاہور(پ ر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے تانے بانے بھارت سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں حکومت بھارت سے دوستی کے معاملے میں ملک وقوم کے مستقبل سے مت کھیلے۔بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس سے خیرکی کوئی توقع نہیں بھارتی حکومت متعددبار پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر تشویش کا اظہارکرنے کے ساتھ ساتھ اسے ہر ممکن طور پر روکنے کااشارہ دے چکی ہے۔ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کو جلداور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 332دہشتگردوں کوپھانسی دی گئی،2159دہشتگردوں کوہلاک اور 1724 گرفتار کیاگیا جبکہ خصوصی عدالتوں کودہشتگردی کے 148 مقدمات منتقل کئے گئے۔منی لانڈرنگ کے مقدمات میں 37افراد گرفتار ہوئے راولپنڈی کے214مقدمات میں 322گرفتاریاں کرکے35کروڑروپے وصول کئے گئے۔بائیومیٹرک تصدیق کے تحت9کروڑ80لاکھ موبائل سمزبلاک کی گئیں۔ملک کی دینی وسیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے حکومت ملک میں امن وامان قائم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔کراچی،بلوچستان اور دیگر علاقوں میں حالات پہلے سے خاصے بہتر ہوئے ہیں مگر ابھی اس سلسلہ میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ فضاء دشمنوں کی سازشوں کاشاخسانہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوجائزہ لیتے ہوئے قومی مفادات کوپیش نظر رکھ کرنئی خارجہ پالیسی بنائی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -