نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر قوم کو حالات سے آگاہ کیا جائے، سید ریاض

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر قوم کو حالات سے آگاہ کیا جائے، ...

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے سانحہ باچا خان یونیورسٹی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لے کر قوم کو حالات سے آگاہ کیا جائے۔ مذہبی طبقے کو دبانے کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی طرف توجہ دی جاتی تو کوئٹہ، جمرود اور چارسدہ کے سانحات رونما نہ ہوتے۔ جامعتہ المنتظر میں تعزیتی اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔ اس موقع پر حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پوری قوم شہداکے ورثا کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ طلبا و طالبات صرف اپنے والدین کے ہی بچے نہیں،پوری قوم کے بچے اور پاکستان کا مستقبل تھے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کرنی چاہیے۔ دہشت گردوں نے پاکستان کی ریاست کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ،افواج پاکستان بھی ان کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کررہیں۔ وہ آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد آسانی کے ساتھ افغانستان سے آکر کارروائیاں کرتے ہیں، مگر ہماری حکومتوں کی توجہ مساجد سے لاوڈ اسپیکرز اتارنے اور مذہبی طبقے کو دبانے پرہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -