پنجا ب حکومت صحت کی شعبے میں ناکام ہو چکی ہے،عبدالعلیم خان

پنجا ب حکومت صحت کی شعبے میں ناکام ہو چکی ہے،عبدالعلیم خان

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ پنجا ب حکومت صحت کی شعبے میں ناکام ہو چکی ہے صوبے بھر میں سوائن فلو سے بگڑتی ہوئی صورتحال بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ملک کے سب سے بڑے صوبے میں گذشتہ اڑھائی برسوں سے فل ٹائم وزیر صحت ہی نہیں بن سکا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تمام فیصلے اور اختیارات وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ہاتھ میں رکھے ہوئے ہیں ،لاہور ،ملتان اور وزیر آباد سمیت مختلف شہروں میں کارڈیالوجی ،کڈنی اور دیگر ہسپتال عمارتیں تعمیر ہو جانے کے باوجود صرف اس لیے فنکشنل نہیں کیے جا رہے کہ ان منصوبوں کے باہر میاں برادران کی تختیاں نہیں لگیں ،انہوں نے اپیل کی کہ پنجاب حکومت اپنے نام سے افتتاح کر کے ان منصوبوں کو عوام کیلئے فوراً کھولے ۔ عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ چکی ہیں اور سوائن فلو بھی ڈینگی کی طرح بے لگام ہو چکا ہے جبکہ مریضوں کو ہسپتالوں میں مناسب طبی سہولتیں بھی مہیا نہیں ہو رہیں ،انہوں نے کہا کہ کسی ہسپتال میں میرٹ پر تقرریاں نہیں کی گئیں اور مریضوں کو دوائیوں سمیت طبی سہولتوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ساری کاروائی صرف نوٹس لینے اور سرکاری جہاز پر دورہ کرنے تک محدود ہے کس کا عام آدمی کو ایک دھیلے کا فائدہ نہیں ،انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب محض کاغذی کاروائیوں کا گڑ ھ بن چکا ہے اور حکمرانوں کی تمام تر توجہ میگا کرپشن کے منصوبوں پر مرکوز ہے جس پر تحریک انصاف اپنا بھرپور احتجاج کرتی رہے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -