سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب

سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ...

  

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ کیمپس میں سانحہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے ایصال ثواب و درجات کی بلندی کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس میں چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم،ممتاز قانون دان جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ،ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حسن صہیب مراد،یونیورسٹی کے کیمپسز و ڈویژنز کے پرنسپلز اور ڈائریکٹرز اور فیکلٹی ممبران سمیت طلباء و طالبات نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ضرور بار آور ثابت ہوں گی۔ہمیں آپس کے نفاق کو ختم کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہونا ہے۔انھوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی تعمیر وترقی میں اپنا جاندار کردار ادا کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب کیا جاسکے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ چارسدہ انسانیت کے خلاف گھناؤنا جرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔علم و امن سے محبت کرنیوالے افراد اور اداروں کو نشانہ بنانا انسانیت کی تذلیل کے مترادف ہے۔جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ مسلم امہ بطور امت الاوسط جانی جاتی ہے۔علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں ہم ایک مضبوط قوم بن کر دہشت گردوں کا باآسانی مقابلہ کرسکتے ہیں۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور نظریات کو یکسر مسترد کردیں اور امن آتشی کے پیغام کو اجاگر کریں جو ہمارے مذہب اسلام کی اصل تعلیمات ہیں۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے جامعات اور سکولوں پر حملوں کو ملکی تعمیرو ترقی پر براہ راست حملوں کے مترادف قرار دیا۔انھوں نے مستقبل کے معماروں کو ہدایت کی کہ وہ علم و امن کے مشن کو مزید جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھیں۔بعد ازاں شہداء چارسدہ کے ایصال ثواب و درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -