آئی جی کی سی ٹی ڈی پولیس کو دہشتگردی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

آئی جی کی سی ٹی ڈی پولیس کو دہشتگردی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

  

لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پولیس پنجاب نے سی ٹی ڈی پولیس کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس میں دہشتگردی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا فوری حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ایسے تمام خطرناک ملزمان جو گزشتہ دوسالوں سے گرفتار نہیں ہو سکے ان کی گرفتاری کے لیے مامور کیے گئے پولیس اہلکاروں و افسروں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ دہشتگردو ں کی گرفتاری عمل میں لانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ سانحہ چار سدہ کے بعد ملک بھر بلخصوص پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور گزشتہ دو سالوں میں جو دہشتگردگرفتار نہیں کیے گئے ان کے دیگر رشتہ داروں کی پکڑ دھکڑ کا حکم دیا گیا ہے آئی جی پولیس پنجاب کی اس ہدایت کے بعد انسدا دہشتگردی سیل متحرک ہو گیا ہے اور ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دہشتگردوں کی معاونت کے الزام میں 300سے زائد افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سے حراست میں لیے جانے والے پروفیسر اور طلبہ کو بھی تاحال کلیئر نہیں کیا گیا اور ان کی نشاندہی پر بھی مزید کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ۔امکان ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سمیت لاہور کی دیگر تعلیمی درسگاہوں میں بھی مزید چھاپے مارے جائیں گے ۔

مزید :

صفحہ اول -