ریسکیو 1122 واحد محکمہ ہے،جسے عوام اپنا دوست سمجھتے ہیں ،میجر (ر) اعظیم سلیمان

ریسکیو 1122 واحد محکمہ ہے،جسے عوام اپنا دوست سمجھتے ہیں ،میجر (ر) اعظیم سلیمان
ریسکیو 1122 واحد محکمہ ہے،جسے عوام اپنا دوست سمجھتے ہیں ،میجر (ر) اعظیم سلیمان

  

 لاہور(وقائع نگار)محکمہِ داخلہ پنجاب کے زیرِ اہتمام لاہور میں امونیا گیس لیکج کے حادثے کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو اہلکاروں کوسیکریٹری داخلہ پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ، پنجاب ایمرجنسی سروس بریگیڈئر (ریٹائر)ارشد ضیاء نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو حادثے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ حادثہ 23 نومبر رات دس بج کر پینتالیس منٹ پر بادامی باغ کے علاقہ حنیف پارک میں ایک سردخانہ میں پیش آیا۔وہاں انتہائی مضرِ صحت گیس امونیا کا مین پائپ لیک ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ گیس دور دور تک پھیلنا شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں اس علاقے میں موجود بہت سارے لوگ بے ہوش ہوگئے اور کافی لوگوں کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ریسکیو 1122 لاہور نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر صرف چھ منٹ میں پہنچ کر بر وقت کارروائی کرتے ہوئے221متاثرین کوریسکیو کیااور میڈیکل ٹریٹمنٹ دیتے ہوئے ہسپتال میں منتقل کیا ، اسی دوران ریسکیو 1122 کی پیشہ ور ٹیم نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر متعلقہ گیس پائپ لائن کی نشاندہی کرتے ہو ئے اسے مرمت کرکے گیس کو مزید پھیلنے سے روکا۔بریگیڈئر (ریٹائر)ارشد ضیاء نے سیکریٹری داخلہ کو امونیا گیس کی بے حد مضرِ صحت نوعیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر اس گیس پر قابو نہ پایا جاتا تو بہت سارے لوگوں کی موت یقینی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل نے سیکرٹری داخلہ کو ریسکیو 1122 کے پاس اس طرح کے حادثات سے نبرد آزما ہونے کے لئے موجود وسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سیکریٹری داخلہ نے ر یسکیو 1122کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واحد محکمہ ہے جسے عوام اپنا دوست سمجھتے ہیں جو کہ ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل، یسکیو کو ایسے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں جن کے تحت تمام اضلاع میں کام کرنے والے ریسکیورز ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کر سکیں۔ انہوں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ حادثے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے اضلاع کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ان کے سربراہان کے ساتھ لاہور بلا کر سندر فیکٹری کے ملبے پر فرضی ہنگامی مشقوں کا انعقاد کروایا جائے اور سراغ رساں کتوں کو بھی ڈویژن کی سطح پراربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کا حصہ بنایا جائے۔ سیکریٹری داخلہ نے ریسکیو 1122کے ایمرجنسی کال سنٹر کی کارکردگی کو بھی بڑے زبر دست انداز میں سراہا اور لاہور میں امونیا گیس لیکج کے حادثہ کے موقع پر بہترین کارکرگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید :

علاقائی -