میزاب گروپ نے عمرہ آسان کردیا

میزاب گروپ نے عمرہ آسان کردیا
 میزاب گروپ نے عمرہ آسان کردیا

  

عمرہ اور حج کی سعادت ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے اور ہر وقت ہوتی ہے اور بار بار اس سعادت کیلئے دعا کی جاتی ہے۔ آج کی نشست میں عمرہ پہ بات کرنی ہے، سب سے پہلے پاکستان میں عمرہ کروانے کا طریقہ زیر بحث لانا ہے، پھر میزاب گروپ پر بات کرنی ہے۔ میزاب نے کیسے عمرہ آسان کردیا، اس میں مشکلات کیا کیا تھیں، عمرہ بطور کاروبا، عمرہ کی سعادت کے حصول کیلئے کیا کیا طریقے رائج ہیں۔ پاکستان سے پہلے عمرہ کیلئے جانے والوں کی تعداد کم ہوتی تھی، عمرہ کی خواہش رکھنے والے ایک ایک پائی جمع کرتے کرتے، کمیٹیاں ڈالتے ڈالتے بالآخر تیس چالیس ہزار میں عمرہ کرلیتے تھے۔ ایک ماہ تک حرمین شریفین میں گزار کر خوشی خوشی گھر آ جاتے۔ پھر عمرہ کا شوق بڑھنے لگا، عمرہ کی آڑ میں پاکستان سے غائب ہونے (خرگوش) والوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی جس پر سعودی حکام کو سخت قوانین ترتیب دینے پڑے اور سعودی عمرہ کمپنیاں سامنے آگئیں، جن کی سعودی حکومت باقاعدہ رجسٹریشن کرتی ہے اور بھاری گارنٹی بھی لیتی ہے۔ ان کمپنیوں کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی ملک سے جانے والے عمرہ زائرین کی واپسی کی ذمہ دار ہوں گے۔ سعودی عمرہ کمپنیوں نے اپنے مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے واقعی حوصلہ افزا نتائج دیئے۔ سعودی کمپنیوں نے پاکستان سے ایاٹا کمپنیوں سے ایگریمنٹ کئے اور انہیں اپنے نمائندے کے طور پر سعودی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت کی۔ سعودی اور پاکستان عمرہ کمپنیوں کے باہمی اشتراک سے شروع ہونے والا عمرہ کاروبار بہتر بھی ہوا اور نتائج بھی دور رس نکلنے لگے۔

میزاب اور میزاب گروپ بھی اللہ کی خاص رحمت اور توفیق سے بننے والا دو صالح افراد کا ایسا جوائنٹ ایڈوینچر ہے جو خالصتاً اللہ کے بندوں کی خدمت کے ذریعے رضائے الٰہی کے حصول کیلئے تشکیل پایا ہے۔ میزاب کے حوالے سے سب جانتے ہیں اللہ کے گھر خانہ کعبہ کے اس مقام کو کہا جاتا ہے جہاں سے پانی نکلتا ہے۔ عموماً ہم اس کو پرنالہ بھی کہتے ہیں۔ میزاب رحمت خداوندی کے حصول کیلئے بنایا گیا وہ دنیاوی کاروبار ہے جس کے ذریعے آخرت یعنی جنت کا حصول ملحوظ خاطر رکھاگیا ہے۔ میزاب اور میزاب گروپ بنانے والے دونوں احباب سے میرے ذاتی طور پر دیرینہ تعلقات ہیں۔ شاہد محمود انور سے 25 سالہ تعلق ہے وہ پنجاب یونیورسٹی میں ہمارے سینئر ہوتے تھے اور جمعیت کے ہراول دستے کے روح رواں تھے۔ ان کی اس وقت بھی سرپرستی اور شفقت ہمارے لیے رحمت بنی اور پھر وہ حجاز مقدس ایسے گئے کہ اوڑھنا بچھونا ہی اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو بنالیا۔ ان کی خوبی ہے ان سے ایک دفعہ ملنے والا ان کا ہی ہو جاتا ہے، تحریک اسلامی کا سرمایہ ہیں۔ ان کے دست راست میزاب کے روح رواں امتیاز الرحمان چودھری بھی ایسی دلنشین شخصیت کے مالک’’ مواحد‘‘ ہیں۔ ہمیشہ توکل ان کا منشور رہا ہے، لندن، دبئی میں کاروبار کرنے کے بعد اپنے والد محترم چیئرمین ہوپ حاجی مقبول احمد کی سرپرستی میں عرصہ سے سعودیہ میں اللہ کے مہمانوں کے دل جیتنے میں مصروف ہیں۔ پہلے طواف گروپ ان کا اوڑھنا بچھونا تھاامتیاز الرحمان اور شاہد محمود انور کی سرپرستی میں کئی دفعہ اللہ کی توفیق سے دونوں بھائیوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھا چکے ہیں۔ ہمارے بزرگ اور سرپرست حاجی مقبول احمد کے صاحبزادے میزاب گروپ کی پہچان امتیاز الرحمان چودھری کو اللہ نے خوب نوازا ہے۔ اللہ نے انہیں جتنا ذہین بنایا ہے، اتنا کھلے دل والا بھی بنایا ہے۔ رمضان المبارک میں ان کے مکہ مکرمہ حرم شریف کے باہر صحن میں اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی افطاری کے مزے کیسے بھول سکتے ہیں۔ امتیاز صاحب کے دوست اور ہمارے مہربان ہمایوں جاوا کے کھانے اور امتیاز صاحب کی ضیافتیں ہمیشہ یاد رہنے والی ہیں؟

شاہد محمود انور اور امتیاز الرحمان صاحب کے باہمی اشتراک اور محبت سے جنم لینے والے میزاب گروپ پر اللہ نے خوب رحمت کی ہے۔ دونوں کے اخلاص اور پاکیزہ خیالات اور رضائے الٰہی کے حصول کی نیت کی وجہ سے ان دوستوں نے جو مانگا اللہ نے انہیں دیا ہے۔ عمرہ کا نیٹ ورک بنایا تو بناتے چلے گئے، ہوٹل کا نیٹ بنایا تو بناتے چلے گئے، ٹرانسپورٹ شروع کی تو مکہ مدینہ جدہ میں اللہ نے بہار لگا دی۔ میزاب گروپ کے دونوں رہنماؤں کی دن رات کی دوڑ کیونکہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول تھا، اس لیے انہیں اپنا نظام بنانے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ایک سال عمرہ کیلئے 30 ہزار افراد نے سعادت حاصل کی تو دوسرے سال تعداد 40 ہزار ہوگئی۔ 2015ء میں عمرہ زائرین کی تعداد 54 ہزار تک پہنچ گئی۔ میزاب گروپ کی انفرادیت یہ بھی سامنے آئی کہ اس نے عمرہ زائرین کو براہ راست مخاطب کرنے کی بجائے عمرہ کروانے والی کمپنیوں کا نیٹ ورک قائم کردیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے اور بڑے بڑے ٹریول ایجنٹس کو باقاعدہ نیٹ ورک میں لاکر ان کی باقاعدہ ٹریننگ کی ہے اور ایسا خوبصورت مربوط نظام ترتیب دیا ہے کہ ٹریول ایجنٹ چاہے فیصل آباد کا ہے یا ملتان کا، کراچی کا ہے یا اسلام آباد کا اس کیلئے آسان ہوگیا ہے وہ وہیں اپنے دفتر میں بیٹھ کر فیڈنگ کرسکتا ہے۔ اپروول کی تصدیق اپنے دفتر میں کرسکتا ہے، اپنے دفتر سے واؤچر جاری کرسکتا ہے۔ سب سے زیادہ مشکلات مکہ مدینہ میں رہائشوں کی ہوتی تھیں۔ میزاب گروپ نے عمرہ زائرین اور عمرہ ایجنٹوں کی سہولت کیلئے مستقل طور پر مکہ مدینہ میں ہوٹل حاصل کرلئے ہیں۔ جدہ، مکہ، مدینہ کیلئے بھی اپنی خوبصورت ٹرانسپورٹ چلالی ہے۔ سب سے بڑی سہولت جو میزاب گروپ نے فراہم کی ہے گھر بیٹھے عمرہ پر جانے والوں کے گھر والے چیک کرسکتے ہیں کہ ہمارا حاجی اس وقت کہاں موجود ہے؟ کون سے ہوٹل میں موجود ہے؟ سارا نظام نیٹ ورکنگ میں مربوط کردیا گیا ہے۔ عمرہ ایجنٹوں میں مثبت انداز میں مقابلہ بازی کیلئے سالانہ بنیادوں پر اچھی خدمات کے صلے کے طور پر بھاری انعامات دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے کنفرم ٹکٹ‘ مرضی کی فلائٹ بڑا مسئلہ تھا، میزاب گروپ کے دونوں احباب نے اس مشکل کا حل اللہ سے مانگا، اللہ نے انہیں چارٹرڈ فلائٹ کی صورت میں دے ریا ہے۔ اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ اور کراچی سے ہفتہ میں 7 فلائٹ جایا کریں گی۔ لاہور سے ہفتہ وار چار فلائٹ جبکہ اسلام آباد جدہ تین فلائٹ، سیالکوٹ سے دو فلائٹ ہفتہ وار جائیں گی، کراچی سے ہفتہ وار دو فلائٹ جائیں گی۔

میزاب گروپ نے اب آن لائن نظام بھی متعارف کرا دیا ہے۔ ٹریول ایجنٹ اس سے بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔ میزاب گروپ کی تین جنوری سے اپنی فلائٹس کے ذریعے کنفرم ٹکٹ کی سہولت نے واقعی مارکیٹ میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ میزاب گروپ نئے سال میں ایک قدم اور آگے بڑھ گیا ہے۔ اللہ انہیں نظربد سے بچائے اور اپنی رحمتوں کا سایہ ان پر ہمیشہ قائم رکھے۔ دونوں اصحاب عمرہ زائرین اور عازمین حج کیلئے جو سہولیات فراہم کرنے کا عزم لیے ہوئے نکلے ہیں اللہ ہر مرحلہ میں ان کیلئے آسانیاں پیدا فرمائے۔ عمرہ زائرین کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے عمرہ ایجنٹ، ٹریول ایجنٹ بھی میزاب گروپ کے مضبوط مربوط نظام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ میزاب گروپ نے عمرہ آسان ہی نہیں کیا بلکہ سستا بھی کردیا ہے۔ عمرہ سستا کرنے سے بہت بڑے مافیا کو تکلیف ہوگی جو مسلسل عمرہ زائرین کو ٹکٹوں کے ذریعے بلیک میل کرنے میں مصروف تھا۔ امید ہے کہ وہ بھی میزاب گروپ کے آگے روڑے اٹکانے کی بجائے ان کے نظام کا حصہ بنیں گے اور حکومت بھی میزاب کے خوبصورت نظام کی روایت کو جاری رکھنے کیلئے ان کی خصوصی سرپرستی کرے گی تاکہ عمرہ زائرین کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ تین جنوری سے میزاب گروپ کی طرف سے میزاب ایوی ایشن کے زیراہتمام چارٹر فلائٹس کے آغاز کے موقع پر ان کیلئے دعا گو ہیں کہ عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک چھت تلے ویزہ، ہوٹلز، ٹرانسپورٹ اور کنفرم ٹکٹ کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات کو اللہ اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے آمین۔

مزید :

کالم -