پاکستانی ورژن کی بجائے مکمل یوٹیوب کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

پاکستانی ورژن کی بجائے مکمل یوٹیوب کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)پاکستانی ورژن کی بجائے مکمل یوٹیوب کھولنے کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر ہونے والی اس درخواست میں حکومت پاکستان اور گوگل انتظامیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو منظر عام پر لانے کی استدعا بھی کی گئی ہے ۔یہ درخواست وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت معلومات تک رسائی کو محدود نہیں کیا جا سکتا۔حکومتی مرضی کی معلومات تک رسائی آئین کے تحت دئیے گئے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔گوگل اور پاکستانی حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت یوٹیوب کا پاکستانی ورژن متعارف کرا کے پاکستانی شہریوں اور طالبعلموں کو دنیا بھر کی معلومات تک رسائی سے روک دیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ یوٹیوب کے پاکستانی ورژن کی بجائے مکمل یوٹیوب تک رسائی کے احکامات صادر کئے جائیں جبکہ گوگل اور حکومت پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کو بھی منظر عام پر لانے کا حکم دیا جائے۔

مزید :

علاقائی -