فضائی قوت کے بغیر دنیا میں کوئی بھی جنگ جیتی نہیں جا سکتی ،سہیل امان

فضائی قوت کے بغیر دنیا میں کوئی بھی جنگ جیتی نہیں جا سکتی ،سہیل امان

  

منامہ (آن لائن)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ فضائی قوت کے بغیر دنیا میں کوئی بھی جنگ جیتی نہیں جا سکتی۔ائیر فورس نے دہشتگردوں کے کمانڈاینڈ کنٹرول مراکز اور اسلحے کے ڈپو بھی تباہ کیے۔انہوں نے کہا کے پاکستان سعودی عرب اور ایران میں تنازغے کے حل کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔جبکہ تنازعے کا پر امن حل دونوں ملکوں کے تعلقات میں موجود تناؤ کو کم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ائیر پاور سمپوزیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاک فوج مل کر دہشت گردوں کو ختم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے اسلحہ ڈپو اور کمانڈاور کنٹرول مراکز تباہ کر کے انہیں نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں مقامی لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ان علاقوں کے نوجوانوں کو بہترین تعلیم فراہم کرے گی جو ان نوجوانوں کو پاکستان کا بہترین شہری بننے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014میں شروع ہونے والے آپریشن کو سیاسی قیادت اور پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ پاک فضائیہ کے پاس مکمل صلاحیت ہے کہ وہ دن رات ہر طرح کے موسمی حالات میںآپریشن کر سکتی ہے۔ اور ان فضائی حملوں سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر اس لعنت کو جڑ سے ختم کر دے گا ۔ انہوں نے اختتامی کلمات میں کہا کہ اگرچہ فضائی قوت تنہا جنگیں نہیں جیت سکتی مگر اس امر سے بھی انکار نہیں کہ کوئی بھی جنگ فضائی قوت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔ اسی لیے کوئی بھی سیاسی قیادت جب کسی بحران یا مشکل میں مبتلا ہوتی ہے تو اس کا پہلا انتخاب فضائی قوت ہی ہوتی ہے۔سعودی عرب اور ایران کے درمیان موجودہ تناؤ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی ،ایران تنازعے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بحران کا پر امن طریقے سے حل ہونا نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات میں موجود تناؤ کو کم کرے گا بلکہ تمام مسلم دنیا کے درمیان محبت اور بھائی چارہ قائم کرنے میں مدد دے گا۔ سمپوزیم کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقات کی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف آج سے شروع ہونے والے بحرین ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

سہیل امان

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -