کنزیومر ایسوسی ایشن کے دفد کی کمشنر سے ملاقات صارفین کے حقوق پر بات چیت
کراچی(اکنامک رپورٹر) کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان چیئرمین کوکب اقبال کی قیادت میں ایک وفد نے کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ سے انکے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر فرحان حنیف چیئرمین سندھ کیپ‘ جاوید احمد چھتاری ایڈوکیٹ سینئر وائس چیئرمین لیگل افیئرز‘ انور عزیز جکارتہ والا سینئر وائس چیئرمین مجیب الرحمن جنری سیکریٹری حبیب اللہ صدیقی‘ ہمایوں ستار‘ فرح اعوان ایڈوکیٹ‘ شبانہ مرچنٹ‘عماد علی شاہ‘ حسین علی رضا اور مہوش بیگ بھی موجود تھے ۔ کنزیومر ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی نمائندہ تنظیم گذشتہ کئی سالوں سے صارفین کے حقوق کے لیے پورے ملک میں کام کررہی ہے۔ اور کیپ کی کوششوں سے پورے ملک میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کا نا صرف نافذ ہوچکا ہے بلکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان‘ پاکستان ٹیلی کمنیوکیشن اتھارٹی اور سول ایوی ایشن میں کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ قائم ہوچکے ہیں جس سے صارفین کو ریلیف حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ میں غذائی اشیاء کو کنٹرول کے لیے فوری طور پر سندھ فوڈ اتھارٹی کا بل سندھ اسمبلی سے منظور کراکے نافذ کیا جائے تاکہ صوبہ سندھ کے صارفین کو اچھی غذا کی اشیاء بآسانی سے دستیاب ہوسکے۔کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وائس چیئرمین لیگل افیئرز جاوید احمد چھتاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ جسٹس آف پیس برائے کنزیومر پروٹیکشن مقرر کیئے جائیں تاکہ انتظامیہ کا بوجھ کم ہوسکے اور جلد از جلد کنزیومر کورٹس قائم کی جائیں۔کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے کنزیومر ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کنزیومر کورٹس اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے جلد از جلد قائم کیلئے وزیر اعلیٰ سے سفارشات کرینگے۔ انہوں نے کہا سندھ فوڈ اتھارٹی وقت کی ضرورت ہے سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ قیمتوں کو حقیقی معنوں میں کنٹرول کرنے اور حقیقی قمتیں مقرر کرنے کیلئے ایک مکنزیم پر کام کیا جارہا ہے جس سے صارفین کو نہ صرف ریلیف حاصل ہوگا بلکہ قیمتوں کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے انتظامیہ کا ہر ممکن تعاون کنزیومر ایسوسی ایشن کو حاصل رہے گا۔ کمشنر کراچی کی ٹاکس فورس کو مزید فعال بنایا جارہا ہے۔ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے ملاقات کے موقع پر آٹھویں کنزیومر فوڈ سیفٹی اینڈ کوالٹی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ دیا جسے کمشنر کراچی نے قبول کرلیا۔ کوکب اقبال نے کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ کو کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے قرآن شریف اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔