صوبائی محکموں، خودمختار اداروں کے بجٹ میں کٹوتیاں، تنخواہوں کی فراہمی متاثر

صوبائی محکموں، خودمختار اداروں کے بجٹ میں کٹوتیاں، تنخواہوں کی فراہمی متاثر

  

ملتان( ملک اعظم سے) حکومت پنجاب نے اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس کے بجٹ کے منصوبے مکمل کرنے کیلئے اب تمام صوبائی محکموں اور خود مختار اداروں کو کٹ لگانا شروع کردیا۔ جس کیوجہ سے صوبہ بھر میں محکمہ صحت، تعمیرات، زراعت، تعلیم کے جاری پروجیکٹس متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے میگا پروجیکٹس کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی کیلئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، خود مختیار اور نیم خود مختیاراداروں کو ماہانہ گرانٹ کی فراہمی میں کمی کر دی ۔ جس کیوجہ صرف ملتان میں واسا کے ڈیڑھ ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کی تنخواہوں کا بجٹ درہم برہم ہو کر رہ گیا، بجٹ کٹ لگنے پر یونین کونسلز کے اہلکاروں نے بھی احتجاج کی دھمکی دیدی، بتایا جاتا ہے کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب ہر ماہ ضلعی حکومتوں کو صوبائی مالیاتی ایوارڈ اور ماہانہ گرانٹ کے تحت فنڈز فراہم کرتا ہے، جس سے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ٹاؤنز کا نظام چلایا جاتا، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبہ جات کو بروقت مکمل کیا جاتا ہے، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ فنڈز سے ہی لوکل گورنمنٹ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبہ جات مکمل کرائے جاتے ہیں‘ اسی طرح محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت بھی فنڈز کے بروقت حصول کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ کیطرف دیکھنا ہے۔ معلوم ہوا ہے‘ ملتان میں کڈنی سنٹر فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث غیر فعال ہے مریضوں کو علاج کیلئے نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، فنڈز نہ ہونے کیوجہ سے ویمن یونیورسٹی بھرپور طریقہ سے فعال نہیں ہے‘ اب صوبائی حکومت کی جانب سے بجٹ پر کٹ لگانے کیوجہ سے سب سے زیادہ متاثر محکمہ صحت اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ہو رہے ہیں، محکمہ صحت کے ہسپتالوں میں ادویہ کا سٹاک ختم ہو چکا ہے مزید ادویہ خریداری کیلئے رقم نہیں ہے دستیاب فنڈز سے صرف ایمرجنسی وارڈز کا نظام چلایا جارہا ہے، فنڈز پر کٹ لگانے کیوجہ سے واسا ملازمین اب احتیاط کی صورت میں تنخواہیں لے رہے، بروقت تنخواہیں نہ ملنے کیوجہ سے واسا افسران اور اہل کاروں کا گھریلو بجٹ متاثر ہو کر رہ گیا۔ ادھار اٹھا کر کچن چلایا جا رہا ہے، فنڈز پر کٹ لگنے کیوجہ سے جنوبی پنجاب کا اکلوتا کارڈیالوجی سنٹر پر بری طرح متاثر ہے مریضوں کو ادویات نایاب ہو گئیں جبکہ توسیع منصوبہ پر کچھوے کی رفتار پر عمل کیا جارہا ہے، فنانس ڈیپارٹمنٹ اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس جیسے منصوبہ جات کو فنڈز کی فراہمی کیلئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ٹاؤنز کو بھی احتیاط کی صورت میں ملنے والے فنڈز تعطل کا شکار ہو چکے ہیں، یونین کونسلز کے بجٹ پر کٹ لگنے کیوجہ سے ان کے مالی امور درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ جس پر یونین کونسلز کے اہلکاروں کے احتجاج کا اعلان کیا۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -