’’پروفیسر،سیلفی کنگ، پرنس، بوم بوم سب ناکام‘‘کیویز نے شاہینوں کے پر کاٹ ڈالے، تیسرا ٹی ٹوٹی اور سیریز جیت لی

’’پروفیسر،سیلفی کنگ، پرنس، بوم بوم سب ناکام‘‘کیویز نے شاہینوں کے پر کاٹ ...
’’پروفیسر،سیلفی کنگ، پرنس، بوم بوم سب ناکام‘‘کیویز نے شاہینوں کے پر کاٹ ڈالے، تیسرا ٹی ٹوٹی اور سیریز جیت لی

  

ویلنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان 95 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ کے 196 رنز کا پہاڑ عبور کرتے ہوئے قومی ٹیم محض 101 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی اور کپتان شاہد آفریدی کا نیوزی لینڈ کی سرزمین پر آخری میچ یادگار بنانے کا خواب بھی چکنا چور ہو گیا۔ فیصلہ کن میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ سرفراز احمد 41 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے سیلفی کنگ چلے نہ بوم بوم کامیاب رہے۔ پروفیسر کو تو سبق ہی بھول گیا اور ٹیم کے پرنس بھی ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں دھوکہ دے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیوی بلے بازوں نے پاکستانی باﺅلرز کے چھکے چھڑا دیئے۔ مارٹن گپٹل اور ولیمسن نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ گپٹل نے صرف 19 گیندیں کھیل کر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے اور شاہد آفریدی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کین ولیمسن نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کولن منرو زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہ سکے اور محض 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کورے اینڈرسن نے پاکستانی باﺅلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور محض 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر مخالف ٹیم کو بہترین ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ راس ٹیلر نے 6، گرین ایلیٹ نے 19، لوک رونچی نے 1، اور سینٹنر نے 3 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی بلے باز نیوزی لینڈ کے رنز کا پہاڑ دیکھ کر ہی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور صرف 15 رنز پر 3 کھلاڑیوں نے پویلین لوٹ کر شکست کی بنیاد رکھ دی۔ یکے بعد دیگرے بلے بازوں کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح جھڑنے لگیں اور 101 کے مجموعی سکور پر پوری ٹیم ہی ٹھکانے لگ گئی اور نیوزی لینڈ نے یہ میچ 95 رنز سے جیت کر سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ پاکستان کے 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے اور صرف سرفراز احمد 41 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ سیلفی کے میدان میں چھکے مارنے والے احمد شہزاد کی اصل میدان میں ناقص کارکردگی برقرار رہی اور وہ اس اہم ترین میچ میں بھی صرف 8 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 2، احمد شہزاد 8، محمد رضوان 4، شعیب ملک14، عمر اکمل 5، عماد وسیم0، انور علی8، وہاب ریاض 4 اور محمد عامر نے 1 سکور بنایا۔ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کیرئیر کا آخری ٹی 20 میچ یادگار بنانے کا خواب دیکھنے والے کپتان شاہد خان آفریدی صرف 8 رنز بنا پائے اور اپنے ہی ہاتھوں سے اپنا خواب چکنا چور کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور ایڈم ملنے نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کورے اینڈرسن نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔یہ ٹی ٹونٹی میں رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی شکست ہے۔

لائیو میچ دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -