پولیس کی تمام کوششوں کا محور اور مرکز عام شہری ہونا چاہئے، ایس پی مجاہد

پولیس کی تمام کوششوں کا محور اور مرکز عام شہری ہونا چاہئے، ایس پی مجاہد

  

لاہور(خبرنگار) ایس پی مجاہدو ڈولفن ندیم کھوکھر نے کہاہے کہ ڈولفن سکواڈکی خدمات محکمہ پولیس کے لیے قابل ستائش ہیں جنہوں نے محنت اور لگن سے نہ صرف سٹریٹ کرائم پر خاطر خواہ قابو پایا ہے بلکہ پولیس فورس کا مورال بھی بلند کیا ہے، ڈولفن سکواڈ کا بنیادی مقصد لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اوران میں تحفظ کا احساس پیدا کرناہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ناجائز اسلحہ و ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور بالخصوص شاہدرہ میں تعاقب کرکے ملزمان کوگرفتار کرکے ان سے مصنوعی طلائی زیورات ، اسلحہ اور نقد رقم برآمد کرنے والے اہلکاروں سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ایس پی مجاہد و ڈولفن سکواڈ نے گزشتہ دنوں سرِ عام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کوگرفتار اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جدیدو خود کار اسلحہ برآمد کرنے والے ڈولفن سکواڈ کے افسروں و اہلکاروں عثمان ،سیکٹر انچارج عبدالرؤف،محمد بوٹا، احمد رضا، وحید مسیح، طاہر علی، آفتاب احمداور علی رضاکو ایک تقریب میں تعریفی اسناددیں۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ہمیں" پولیسنگ فار دی پیپل" کا نظریہ اپنانا ہوگا اور پولیس کی تمام کوششوں کا محور اور مرکز عام شہری ہونا چاہئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر اور فرض شناس پولیس افسران و اہلکاران محکمہ کا بیش قیمت سرمایہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل اہلکاران کی خدمات کوآئندہ بھی اسی طرح سراہا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -