تہرے قتل کے مرکزی ملزم اسلم اور ساتھی کی گرفتاری ڈال دی گئی

تہرے قتل کے مرکزی ملزم اسلم اور ساتھی کی گرفتاری ڈال دی گئی

  

لاہور(خبر نگار) جوہر ٹاؤن کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کرکے 3افراد کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم محمد اسلم عرف اچھا بھٹی اور اس کے ساتھی اسلم کی گرفتاری ڈال دی گئی ۔ دونوں ملزمان سی آئی اے صدر ڈویژن کی حراست میں ہیں جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ واضح رہے کہ 3جنوری کو جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ٹوپاز شادی ہال میں تقریب کے دوران محمد اسلم عرف اچھا بھٹی نے اپنے گن منیوں کے ہمراہ نشے میں دُھت ہو کر فائرنگ کر دی تھی جس کے باعث ایم این اے افضل کھوکھر ، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کا بھتیجا اور سابق ایم پی اے ملک شفیع کوکھر کا بیٹا ملک عمران شفیع کھوکھر ، خالد اور شہباز فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے جبکہ 8افراد زخمی ہو گئے تھے ۔ لاہور پولیس ملزمان کو گرفتا رکرنے میں ناکام ہو گئی تھی۔ سی آئی اے پولیس کی ٹیمیں گزشتہ روز تہرے قتل کے مرکزی ملزم محمد اسلم عرف اچھابھٹی اور اس کے ساتھی اسلم کو کوئٹہ سے لاہور لے آئیں۔ ایس پی سی آئی اے سید ندیم عباس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کی گرفتاری ڈال دی گئی ہے ،ان سے تفتیش کا سلسلہ جار ی ہے آج ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -