صوبائی دارالحکومت میں شاہرقاؤں پر ون ویلنگ کے مظاہرے ، لاکھوں کی شرط پر ریسیں لگائی جاتی رہیں

صوبائی دارالحکومت میں شاہرقاؤں پر ون ویلنگ کے مظاہرے ، لاکھوں کی شرط پر ...

  

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں سخت پابندی کے باوجود بھی اتوار کے روز درجنوں موٹر سائیکل سوار منچلے شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس لگاتے رہے۔ پولیس ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں سخت پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں مختلف شاہراؤں پر جان لیوا کرتب کرتے رہے متعدد نوجوان لاکھوں روپے کی شرطیں لگا کر موٹر سائیکلوں پر ریسیں لگاتے رہے۔ پوش علاقوں میں منچلے نوجوانوں کے ساتھ خوبرو لڑکیاں بھی موٹر سائیکلوں پر بیٹھی دکھائی دیتی ہیں، امیر گھروں سے تعلق رکھنے والے ایسے گروپ لبرٹی مارکیٹ ، مین بلیووارڈ گلبرگ، ڈیفنس ، ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں معروف پارکوں، چوکوں اور مارکیٹیوں کے ارد گرد موٹر سائیکلوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان ویلروں میں سے متعد د نوجوان فیملیز اور خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو جاتے ہیں مگر پولیس ان کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں ڈیفنس ، وحدت روڈ، کوئنز روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن شوکت چوک ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شالیمار لنک روڈ، ملتان روڈ، کینال روڈ اور دیگر شاہراؤں پر موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور ریسیں لگاتے دکھائی دئے۔ پولیس نے متعدد نوجوانوں کو پکڑ لیا مگربعض سے نذرانے لیکر ان کو چھوڑ دیا جبکہ پیسے نہ دینے والے ویلروں کو حوالات میں بند کر دیا گیاہے ۔

مزید :

علاقائی -