چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تحریک پاکستان کے ضزبہ سے کام لینے کی ضرورت ہے : صدر ممنون

چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تحریک پاکستان کے ضزبہ سے کام لینے کی ضرورت ہے : صدر ...

  

کراچی(این این آئی)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کودرپیش داخلی اور خارجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام لینے کی ضرورت ہے، اس لیے قوم ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا سنہری اصول مضبوطی سے تھام لے۔ صدر نے یہ بات مزار قائد کے دورے کے موقع پر قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے موقع پر افتتاحی کلمات میں کہی۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیربرائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن عرفان صدیقی،میئر کراچی وسیم اختر اور بورڈ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اجلاس سے قبل صدر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔صدر نے کہا کہ قائد اعظم شاندار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنے عزم مصمم اورآہنی ارادے سے کام لے کر قیام پاکستان کی صورت میں تاریخ کا عظیم النظیر کارنامہ انجام دیا۔ قائداعظم کے نوادرات دیکھ کر ان کی شخصیت کو زیادہ آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ خوشی ہے کہ وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی قیادت میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن مزار قائد اور نواردات قائد کی بہترین نگرانی کررہا ہے جس پر وہ لائق تحسین ہیں۔ حکومت قائد اعظم کے افکار کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اس سلسلے میں اخراجات کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔انھوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے زیر اہتمام مزار قائد پر ترقیاتی کاموں سمیت دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہ ان کاموں کی تکمیل سے ملک کا نظریاتی تشخص اجاگر ہوگا۔صدر نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات میں کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے ولولہ انگیز قیادت سے قوم کو اس کے وجود کا احساس دلایا اس میں اتحاد پیدا کرکے اس سے تاریخ کا ناقابل یقین کام لیا۔وطن عزیز آج بھی جن چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے،ان سے نمٹنے کے لیے بھی اسی جذبے سے کام لینے کی ضرورت ہے۔اتحاد ، ایمان اور نظم و ضبط کا سنہری اصول مضبوطی سے تھام لیا جائے تو آج بھی منزل آسان ہوسکتی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے صدر کو مزار قائد اعظم میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سیاحوں کو بابائے قوم کے افکار سے آگاہ کرنے کے لیے ان کی شخصیت سے وابستہ سووینئر مزار قائد پر رکھے جائیں گے قائد اعظم اکیڈمی کو مزار قائد کے احاطے میں منتقل کیا جائے گا۔ قائد اعظم اکیڈمی کو تحقیقی اور ثقافتی مرکز بنا کر ان کی شخصیت کے شایان شان بنا دیا جائے گا۔ صدر کا بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے تمام قائدین سے قلبی اور روحانی رشتہ ہے ،اس لیے وہ قومی شناخت کے سلسلے میں ہونے والی سرگرمیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ مزار قائد سے ملحق پاکستان پارک بنایا جاے گا جس میں وطن عزیز کے تمام علاقوں کے نمایاں مقامات کے مونومنٹ نصب کئے جائیں گے تاکہ مزار قائد اعظم پر آنے والے زائرین اور سیاح ایک ہی نظر میں پاکستان کے تمام اہم مقامات دیکھ سکیں۔

صدر ممنون

مزید :

صفحہ آخر -