سازش خود مسلم لیگ (ن) کے اپنے لوگ کر رہے ہیں : نفیسہ شاہ

سازش خود مسلم لیگ (ن) کے اپنے لوگ کر رہے ہیں : نفیسہ شاہ

  

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مسلسل سازش کے الزام کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سازش کوئی ادارہ یا سیاسی جماعت نہیں، بلکہ خود ان کی اپنی جماعت کے لوگ کررہے ہیں ٗماڈل ٹاؤن میں معصوم لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں ٗ رانا ثناء اللہ اور وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے رہیں گے ۔ایک انٹرویو میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پاناما لیکس کے انکشاف کے بعد سے مسلسل سازشوں کی باتیں کررہے ہیں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں خود کئی سیاستدانوں کے خلاف سازش کرکے اقتدار حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ سازشوں کے ماہر یہ خود ہیں اور اس وقت جو سازش ہو بھی رہی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) کے اپنے لوگ ہی کررہے ہیں جس کی ایک واضح مثال حال ہی میں سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان سامنے آنے والے اختلافات ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جب سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے فیصلے میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا تو یہ خبریں بھی سامنے آئیں تھیں کہ شاید وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود اپنے بڑے بھائی کے خلاف سازش میں مصروف ہیں۔ پی پی رہنما نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دلوانا تھا اور اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقاتیں کیں۔نفیسہ شاہ نے اس تاثر کو رد کیا کہ حالیہ جلسہ کسی انتخابی اتحاد کا نتیجہ تھا ۔

نفیسہ شاہ

مزید :

صفحہ آخر -