لندن فلیٹس، نیب نے احتساب عدالت میں شریف خاندان کےخلاف ایک اور ریفرنس دائرکر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا، نئے ریفرنس میں 7 نئے گواہان شامل کئے گئے ہیں جن میں سے دو گواہوں کا تعلق برطانیہ سے ہے اور ان کے بیانات بھی قلمبند کرلئے گئے ہیں۔ نیب نے احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں یہ ضمنی ریفرنس دائر کیا ہے اور تحقیقات کی روشنی میں سامنے آنے والے نئے شواہد کو مقدمے کا حصہ بنایا ہے۔
ایک گواہ کا نام رابرٹ ریڈلے ہے جو فرانزک ماہر ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کے ایک قریبی رشتے دار بھی گواہوں میں شامل ہیں۔ دو گواہوں کا تعلق وزارت اطلاعات سے، ایک گواہ کا تعلق نجی ٹی وی چینل سے جبکہ دو گواہوں کا تعلق نیب سے ہے۔ نیب کی جانب سے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور بیٹوں حسن اور حسین کے ٹی وی انٹرویوز کو بھی ریفرنس میں شواہد کا حصہ بنایا گیا ہے۔