’’شہید حکیم محمد سعید نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترقی دینے کے لئے تن، من دھن کی بازی لگادی‘‘ہمدردکی ٹریڈنگ لوگو کی افتتاحی تقریب میں مقررین کا خطاب

’’شہید حکیم محمد سعید نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترقی دینے کے لئے تن، من ...
’’شہید حکیم محمد سعید نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترقی دینے کے لئے تن، من دھن کی بازی لگادی‘‘ہمدردکی ٹریڈنگ لوگو کی افتتاحی تقریب میں مقررین کا خطاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر حکومت پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ شہید حکیم محمد سعید نے سماجی ،معاشرتی و معاشی میدانوں میں سرگرم عمل ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی خصوصی توجہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو دی اور اس مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے تن، من دھن کی بازی لگاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ۔وہ ادارہ ہمدرد کے نئے ٹریڈنگ’’لوگو ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ،انہوں نے کہا کہ ’پاکستان سے محبت کرو ۔پاکستان کی تعمیر کرو‘نہ صرف حکیم صاحب کا قول تھا بلکہ زندگی کا مقصد بھی تھا
جس کے لیے انہوں نے ادارہ ہمدرد کی تمام آمدنی کو وقف کر دیا یہ کسی بھی دُنیا دار انسان کے بس کی بات نہیں ہوتی ۔


چیئر پرسن ہمدرد لیباریٹریز(وقف)پاکستان سعدیہ راشد نے اس موقع پر کہا کہ فلاحی کاموں کی ترویج و توسیع کیلئے ہمدرد فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ،پرائمری تعلیم سے لے کر یونیورسٹی تک اعلیٰ تعلیم کے منصوبے بنائے گئے ،مدینۃ الحکمہ کے قرب و جوار میں آج بھی توسیع و تعمیر کا عمل جاری ہے اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کیمپس کی تعمیر کے پیشِ نظر منصوبہ بندی ہو رہی ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ادیب و کالم نگار بیگم بشریٰ رحمن نے کہا کہ میں بھی طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے گھرانے سے ہوں اور جڑی بوٹیوں کے ذریعے علاج و معالجہ کو سراہاتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت اوردیگر فلاحی شعبوں میں شہید حکیم محمد سعید کی گراں قدر خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔معروف دانشور ،شاعر و ادیب امجد اسلام امجد نے تقریب میں اپنا کلام پیش کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ ہمدرد سے وابستہ افراد کو اس تن آور درخت کو اپنے اپنے دائرہ عمل میں رہتے ہوئے آبیاری کر کے اسکی حفاظت کرنا ہوگی ۔


منیجنگ ڈائریکٹر اورسی ای او اُسامہ قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ادارہ ہمدرد کو عصر حاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور نئی جدتوں کو متعارف کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔تقریب کی نظامت کے فرائض معروف اینکر پرسن اُسامہ غازی نے نبھائے ۔تقریب میں اراکین شوریٰ ہمدرد کے علاوہ صحافی حضرات ،ڈسٹریبیوٹرز ودیگر مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔