مملکت میں مقیم پاکستانی سعودی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ملک کی سفارت کاری کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں: مولانا عطاء لرحمن

مملکت میں مقیم پاکستانی سعودی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ملک کی سفارت کاری ...
مملکت میں مقیم پاکستانی سعودی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ملک کی سفارت کاری کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں: مولانا عطاء لرحمن

  

جدہ (محمد اکرم اسد) مملکت میں مقیم پاکستانی سعودی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ملک کی سفارت کاری کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما سینٹر مولانا عطاء الرحمن ، جے یو آئی سندھ کے سکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو  نے جمعیت علماء اسلام جدہ کے زیراھتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  مولانا عطاء الرحمن اور مولانا راشد محمود سومرو عمرہ ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی صلعم حاضری دی۔

تقریب کا آغاز جمعیت جدہ کے نائب صدرجناب قاری تاج محمد ہزاروی صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا. ھدیہ نعت. جدہ مجلس عاملہ کے رکن قاری عمران نے پیش کیا ، جبکہ نظامت کے فرائض قائم مقام سیکرٹری جنرل مولانا سمیع الحق تورغری نے ادا کئے، جمعیت علماء اسلام جدہ کے قائم مقام امیر سرادرکامران اعظم نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور جمعیت علماء اسلام جدہ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ، انہوں نے مملکت میں مقیم کارکنان کے درمیان ربط اور جماعتی حسن انتظام سے بھی معزز مہمانوں کو آگاہ کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی صدر مولانا حمد اللہ عثمانی نے اخلاق حسنہ، حسن سلوک ، محبت و بھائی چارہ ، اور جماعتی کام کو احسن طریقہ سے سرانجام دینے کی نصائح کی ،مرکزی صدر نے مملکت میں مقیم ہر کارکن کو باہمی رابطہ میں رہنے اور جماعتی کاز کے مدنظر اتحاد و یکجہتی کا درس دیا،جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ سب حضرات یہاں اپنے وطن کے سفیر ہیں آپ کے ہر قول و عمل سے اخلاص مملکت سعودی عرب سے محبت جھلکنی چاہیے۔

 انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب سے پاکستان کا تعلق نہایت گہرا ہے اور اس تعلق کی جڑیں حرمین شریفین کی بدولت مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہیں، انہوں نے کارکنان جمعیت کو کسی بھی قسم کے اختلافات سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سب باہمی محبت و احترام سے جماعت کو مضبوط تر بنائیں انہوں نے کہا کہ آپ کی پردیس میں موجودگی جماعت کو مضبوط بنیادیں فراہم کر سکتی ہے، جس کی بنیاد پر پاکستان میں آپ اسلام نظام کے نفاذ میں کماحقہ کردار ادا کر سکتے ہیں،مولانا راشد محمود سومرو کے بیان کے بعد سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے تفصیلی بیان کیا اور انہوں نے کارکنان کی تربیت اور نظم و ضبط کے قیام پر خصوصی بات کی، مولانا عطاء الرحمن نے مزید کہا کہ جب بھی ہم پاکستان سے آکر اس طرح کی محبتوں بھری محفل میں شرکت کرتے ہیں تو ہمیں فخر کا احساس ہوتا ہے کہ پردیس میں مقیم ہو کر گھر بار سے دور رہ کر محنت مزدوری کرتے ہوئے بھی اس طرح باہمی مل بیٹھنا جمعیت کی برکت کی بدولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ رب کریم اسی طرح پوری دنیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو جوڑ دیں،تقریب میں جمعیت جدہ کے دیگر رھنماؤں سمیت سابقہ امیر جدہ مولانا شمس الحق صاحب اور قاری گل زمین خان نے بھی وفد کےصورت میں شرکت کی.مولانا عطاء الرحمن کے خطاب کے بعد جمعیت مکہ کے جنرل سیکرٹری مولانا غلام رسول مینگل نے دعا کرائی.

مزید :

عرب دنیا -