محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی ، غیر قانونی شکاریوں سے3ہرن،80آسٹریلین طوطے اور لو برڈز برآمد ، 2لاکھ 24ہزار روپےجرمانہ عائد

محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی ، غیر قانونی شکاریوں سے3ہرن،80آسٹریلین طوطے اور ...
محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی ، غیر قانونی شکاریوں سے3ہرن،80آسٹریلین طوطے اور لو برڈز برآمد ، 2لاکھ 24ہزار روپےجرمانہ عائد

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ وائلڈ لائف نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی شکاریو ں سے3ہرن ،80آسٹریلین طوطے اور لو برڈز برآمد کر لئے ہیں جبکہ 2لاکھ24ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کرادئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی ہدایت پر غیر قانونی شکار کی روک تھام کےلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن میں محمد رفیق کی سربراہی میں تشکیل دی گئی چھاپہ مار ٹیم نے کالا خطائی کے سرحدی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کر تے ہوئے پاڑہ ہرن کے شکار میں مصروف 3غیر قانونی شکاریوں دلدار حسین ، غلام عباس اور محمد جلال کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے شکار کردہ ایک مادہ اور 2نر پاڑہ ہرن برآمد کرلیے ۔ملزمان کی درخواست پر ان سے 125000روپے  محکمانہ معاوضہ وصول کرکے سرکاری خزانہ میں جمع کروا دیا گیا ہے ۔

دوسری کارروائی میں وائلڈلا ئف انسپکٹر ارشد علی نے وائلڈلائف واچرز محمد سلیم ، محمد شعیب اور محمد مشتاق کے ساتھ مل کر نارنگ منڈی میں بارڈر کے قریب جنگلی حیات کے تحفظ کےلئے قرار دی جانےوالی محفوظ پناہ گاہ میں فاختہ اور تلیر کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3پارٹیوں پر مشتمل 14ملزمان محمد تنویر ، محمد آصف ، علی رضا ، علی حیدر،محمد فاضل، محمد عمار ،واجد خان ،شہزاد احمد ،اویس اکرم ، میاں عمران ، جہانگیر، عبدالقادر، نادر علی اور اصغر کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے شکار کردہ پرندے، 12بور بندوق اور ایئر گن برآمد کرلی ۔ملزمان کی محکمانہ معاوضہ کی درخواست پر ان سے 79ہزار روپے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیئے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں محمد رفیق نے تیسری کارروائی میں ریلوے سٹیشن لاہور پر چھاپہ مار کر کراچی سے آنےوالے سمن آباد لاہور کے رہائشی ایک مسافر مسلم بن ناصر ولدناصر اقبال سے 80آسٹریلین نسل کے طوطے اور لو برڈز برآمد کرلیے بعدازاں ملزم کی جانب سے محکمانہ معاوضہ کی درخواست پر اس سے20ہزار معاوضہ وصول کرکے خزانہ میں جمع کروادیا جبکہ پرندوں کو آزاد کردیا گیا ہے ۔ڈی جی وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب نے کامیاب کارروائیوں پر وائلڈلائف سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے صوبے بھر میں غیر قانونی شکارکی روک تھام کےلئے کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائےگی ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -