تاجر برادری پنجاب میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھائے‘ تنویر الیاس

تاجر برادری پنجاب میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھائے‘ تنویر الیاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کی اور ان کو پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) کا چیئرمین تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، خالد اقبال ملک، ناصر قریشی، چوہدری وحیدالدین، کریم عزیز ملک، مزمل صابری، چوہدری نصیر احمد، خالد چوہدری اور دیگر شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پنجاب کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں لہذا تاجر برادری ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کو سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ وہ پنجاب میں سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دے سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی تاجر براری اپنے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھائے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد بہتر ہو گا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ سرمایہ کاروں کے مسائل کو حل کرنے اور ان کیلئے سازگار ماحول کے قیام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نجی شعبے سے سردار تنویر الیاس کو پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کا چیئرمین تعینات کر کے ایک قابل ستائش فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سردار تنویر الیاس گذشتہ دہائی میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لانے میں معاون ثابت ہوئے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بطور چیئرمین پی بی آئی ٹی وہ ملک میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی مضبوط معیشتوں نے نجی شعبے کے تجربے سے فائدہ اٹھا کی بہتر اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ سردار تنویر الیاس کا بطور چیئر مین پی بی آئی ٹی تعینات ہونا صوبے اور ملک کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو بہتر فروغ دینے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور غربت و بے روزگاری کو کم کرنے کیلئے پاکستان کو زرعی ملک سے صنعتی ملک کی طرف لے جانا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کی طرف سے سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات کی فراہم اس طرف پیش رفت کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

مزید :

کامرس -