وزیر بلدیات کی زیر صدارت بجلی کے خاص منافع کے حوالے کا انعقاد

وزیر بلدیات کی زیر صدارت بجلی کے خاص منافع کے حوالے کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)بجلی کے خالص منافع میں خیبر پختونخوا کو ملنے والے حصے اور اس کی اضلاع میں تقسیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر توانائی و برقیات حمایت اللہ مایار، مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان، ایم پی ایز عاقب اللہ خان اور رنگیز خان، سیکرٹری محکمہ توانائی و برقیات، ڈپٹی کمشنر صوابی و دیگر حکام نے شرکت کی۔ محکمہ توانائی و برقیات کے حکام نے بجلی منافع میں صوبے کے حصے اور پھر اس کے صوبے کے اضلاع میں تقسیم کے طریقہ کار پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی جبکہ مشیر توانائی نے بجلی منافع کی مد میں صوبے کے وفاق کے ذمے شیئرز کے حوالے سے بتایا۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر صوابی نے ضلع میں نئی حلقہ بندیوں اور اس کے بعد کی صورتحال پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے وفاق سے صوبے کو بجلی منافع کے 10 فیصد حصے کی ادائیگی میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے کہا کہ بجلی منافع کی اضلاع میں تقسیم کے فارمولے پر بھی نظر ثانی کی جائے تاکہ اضلاع کے تحفظات کو دور کیا جا سکے اور کسی ضلع کی حق تلفی نہ ہو۔ اس موقع پر شہرام خان تراکئی کا کہنا تھا بجلی منافع کی صوبے کو ادائیگی میں درپیش تمام مسائل کو متعلقہ فورم پر اٹھایا جائے گا اور اس کے حل کے لئے مل کرکوششیں کی جائیں گی تاکہ صوبے کو اس کا حق پورا پورا ملے۔ انہوں نے کہا کہ جلد اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز ہوں گے۔