الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے توسیعی کام کا سنگ بنادرکھ دیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے توسیعی کام کا سنگ بنادرکھ دیا گیا ۔گزشتہ روزتوسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہا ہے کہ الخدمت کراچی میں شہریوں کوصحت کی جدید اورمعیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔ الخدمت کی خدمات قابل تقلید ہیں ۔ تقریب میں معروف ڈاکٹرز،کنسلٹنٹس ، سینئر صحافی آغا طارق پٹھان،ڈاکٹر مسرور سیال ،محمد صغیر ،چوہدری اسلم،میر عباس تالپر ،تاجر برداری،علمائے کرام اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایم ایس اسپتال ڈاکٹر عبدالقادر سومرو،ایڈمنسٹر محمد ارشد والخدمت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اسپتال کی توسیعی کاموں کا سنگ بنیاد محمد اسلم نے رکھا ۔ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال گزشتہ 3سال سے نہ صرف گلشن حدید کے مکینوں کی بلکہ نواحی علاقوں کے لوگوں کی بھی خدمت کررہا ہے ،لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسپتال میں توسیع کی جا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کی جانب سے صحت سمیت تمام شعبہ جات میں کام کو سراہا جا رہے ۔ محمد اسلم نے کہا کہ الخدمت اسپتال میں تعینات ماہر ،تجربہ کار ڈاکٹراور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بہترین سروسزسے لوگ خوش ہیں۔الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال انتظامیہ کا جذبہ قابل ستائش ہے۔