بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، کے الیکٹرک
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اتوار کی شب ہونے والی تیز بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا گیااور اس وقت شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔بارش سے متاثرہ علاقوں میں گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد ، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کرا چی، بلدیہ، پی ای سی ایچ ایس سمیت گلشن اقبال ، کلفٹن، ڈیفنس اور اسکیم 33کے کچھ علاقے شامل ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ،’’ کے الیکٹرک کی ٹیمیں بارش کی پیش گوئی کے بعد الرٹ رہیں اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کاعمل فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال کی گئی ۔چند علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث بحالی کے عمل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔دریں اثناء ایئر پورٹ، اہم اسپتالوں اور واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں سمیت اہم اسٹریٹجک تنصیبات میں بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ ‘‘ادارہ اس صورتحال کے باعث صارفین کو پہنچنے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہے۔ مزید برآں، صارفین سے بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز سے دور رہنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ ادارے کی طرف سے اس بات پر بھی زور دیا جاتا ہے کہ غیر قانونی طریقے اور کنڈوں کے ذریعے بجلی کے حصول سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ خطرناک ہیں اور علاقہ مکینوں کیلئے کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔