پروین رحمان قتل کیس میں گواہوں کو دھمکیاں ،سپریم کورٹ کا فون کالز کرنیوالوں کی معلومات حاصل کرنے کا حکم
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ میں پروین رحمان قتل ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے مقتولہ کے ورثا اور ڈائریکٹر اورنگی پروجیکٹ انور ارشد کو دھمکیوں کا نوٹس لیا ہے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو دھمکی آمیز فون کالز کرنے والوں کا پتہ چلانے کی ہدایت کی ہے۔
پروین رحمان کی بہن نے بتایا کہ ہمیں اور ڈائریکٹر اورنگی پروجیکٹ انور ارشد کو نا معلوم دھمکی آمیز کالز آ رہی ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ لگتا ہے دھمکیوں کیلئے غیر ملکی فون استعمال ہوا، ہو سکتا ہے کال کرنے والا پاکستانی ہو۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دھمکی آمیز فون کالز کا پتہ چلائیں۔ عدالت کو ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ کابینہ نے معاملہ کے تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی کی منظوری دےدی ہے، آئندہ چند روز میں جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر طارق کے بیان کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔