کل تک جو پاکستان پرانگلیاں اٹھاتے تھے آج تعریف کررہے ہیں، شاہ محمود قریشی
دوحہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کل تک جو ہم پرانگلیاں اٹھاتے تھے وہ آج تعریف کے کلمات کہہ رہے ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ قطر کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سب سے دوستی کا وژن کامیاب ہورہا ہے، سعودی عرب اور یواے ای کے بعد قطرسے بھی تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پاکستان کے عرب ممالک سے تعلقات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں، 12 برس بعد قطر جبکہ 30 برس بعد ریاض میں سڑکوں پرسرکاری طورپر پاکستانی پرچم لہرایا گیا جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان آ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل ہماری نیت پرشک کیا جارہا تھا اور آج ہماری کوششوں کو سراہا جارہا ہے، کل تک جو انگلیاں اٹھاتے تھے، آج تعریف کے کلمات کہہ رہے ہیں، یہ کتنی بڑی تبدیلی ہے، یہ آسان کام نہ تھا اور نہ ہے لیکن ہم نے کوشش کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سالانہ اربوں ڈالرکا گوشت، سبزیاں اورزرعی اجناس قطر کو برآمد کر سکتا ہے، پاکستان قطر کے پھل، سبزیوں اور ڈیری آئیٹمز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، زرعی شعبے میں انفراسٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیش کش کریں گے۔ پاکستان ، قطر کی غذائی ضروریات کے حوالے سے فوڈ سیکیورٹی دینے کو تیار ہے، پاکستان سے بذریعہ سمندر دو گھنٹے میں تازہ سبزیاں اور زرعی اجناس قطر پہنچ سکتی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان لوگ ماضی کی رنجشیں بھلا کراپنے ملک کے مسقبل کےلئے جب تک نہیں سوچیں گے، پاکستان تنہا کچھ نہیں کرسکتا، ہم خواہ کتنی ہی نیک نیتی کا مظاہرہ کریں لیکن مسئلے کے حل کے لئے افغان لوگوں کو خود مل بیٹھنا ہوگا جب کہ امریکی سینیٹرنے عمران خان سے اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔