وزیراعلیٰ پنجاب ساہیوال واقعہ کے بعد گلدستہ لے کر بچوں سے ملنے نہیں گئے تھے ، تصویر وائر ہو نے کے بعد وزیراطلاعات نے انتہائی حیران کن بات کہہ دی
ساہیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن )ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے سفید رنگ کی گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے باعث چار افرادجاں بحق ہو گئے جن میں ایک 13 سالہ بچی بھی شامل تھی جس کا جسم گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا ۔
اس واقعہ کی ویڈیو فوٹیج سامنے آئی تو ملک میں ہنگامہ برپا ہو گیا اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کی ناکامی اور ظلم کھل کر عوام کے سامنے آ گیا تاہم اس واقعہ میں تین معصوم بچے زندہ بچنے میں کامیاب ہو گئے ،جس کے بعد حکومت نے اینٹری ماری اور فوری طور پر تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنا دی گئی ۔
واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال میں ہسپتال کا دورہ کیا اور اس دورے کی سوشل میڈیا پر تصاویر بھی آئیں جن میں سے ایک تصویر میں وزیراعلیٰ نے ہاتھوں میں پھولوں کا گلدستہ تھام رکھا تھا ۔ اس تصویر کے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پھر ہنگامہ برپا ہوا اور وزیراعلیٰ کو خوب تنقیدکا سامنا کرنا پڑا ۔
عثمان بزدار کی اس تصویر پر گزشتہ روز قومی اسمبلی میں باز گشت سنائی دی جبکہ سوشل میڈیا پر وہ تصویر ابھی تک وائر ل ہو رہی ہے تاہم اب اس تصویر پر فیاض الحسن چوہان نے ایسی منطق پیش کر دی ہے کہ سن کر ہی انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔
نجی ٹی وی کی اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے اپنے پروگرام میں فیاض الحسن چوہان کو مدعو کیا جس میں انہوں نے اس تصویر سے متعلق سوال کیا جس پر فیاض الحسن چوہان نے بیان دیتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ وہاں کوئی پھولوں کا گلدستہ لے کر نہیں گئے تھے ۔
فیاض الحسن چوہان کا کہناتھا کہ اس تصویر کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہاہے دراصل چوہدری وسیم نامی ایک اوورسیز ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئر مین ہیں ، انہوں نے اپنی طرف سے وہ پھولوں کا گلدستہ منگوایا اور وہ پکڑ کر کھڑے تھے ۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آئے اور انہوں نے وہ گلدستہ ان کے ہاتھوں سے پکڑ کر سائیڈ پر رکھ دیا لیکن جب انہوں نے گلدستہ پکڑا تو عین اس موقع پر تصویر بناد ی گئی اور وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔
ویڈیو دیکھیں: