سانحہ ساہیوال کے دوران کتنے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے سادہ لباس میں کارروائی کی ؟قومی اسمبلی میں شریں مزاری نے حیران کن بات بتا دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے 16 اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔
قومی اسمبلی میں شیریں مزاری نے بتایا کہ سانحہ ساہیوال میں ملوث سی ٹی ڈی کے 16 اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوچکا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ ایف آئی آر میں 10 باوردی اہلکاروں اور 6 سادہ لباس اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کارروائی میں تین بچے بھی زخمی ہوئے۔