سانحہ ساہیوال حکومت کی بقاءکا مسئلہ ہے :حسن نثار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حسن نثارنے کہاہے کہ حکومت سانحہ ساہیوال کی تفتیش میں سنجیدہ ہے کیونکہ یہ ان کے مستقبل اور بقا ءکا مسئلہ لیکن جو خاندان برباد ہونا تھا، وہ ہو گیاہے ، ہمیں حکومت کی سنجیدگی سے کیا لینا ہے ؟
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہاکہ حکومت سانحہ ساہیوال کی تفتیش میں سنجیدہ ہے کیونکہ یہ ان کے مستقبل اور بقا ءکا مسئلہ لیکن جو خاندان برباد ہونا تھا، وہ ہو گیاہے ، ہمیں ان کی سنجیدگی سے کیا لینا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ جہاں انسان ہوتے ہیں ، وہاں واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن یہ کس طرح کا واقعہ ہے ؟ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو ان کے سپرد کردیا گیا ، یہ بڑی سفاکی ، بے رحمی اور اندھے پن کا معاملہ ہے ، اس پر دل خراب ہوتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے شہروں کے ساتھ وہ کیاہے جو ہلاکو نے بغداد ، امریکیوں نے ہیرو شیما اور ناگا ساکی کے ساتھ کیا تھا ، چالیس سال پرانا کراچی تو بحال نہیں ہوسکتا لیکن جوبہتری ہوسکتی ہے ، کرنی چاہئے ۔