سانحہ ساہیوال، مقتول ذیشان کی دہشتگرد عثمان ہارون کے ساتھ سیلفی حاصل کرلی: سکیورٹی ذرائع
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ساہیوال واقعے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور ذیشان کے حوالے سے نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فیصل آباد میں مارے گئے دہشتگرد کے ساتھ سیلفی موجود ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ سانحہ ساہیوال میں مقتول فیملی کے زیر استعمال گاڑی فیصل آبادمیں ہلاک ہونے والے دہشتگرد عدیل حفیظ کی ملکیت تھی ۔ گاڑی عدیل نے آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے 9 مئی 2018 کو خریدی۔
ذرائع نے بتایا کہ گاڑی ثاقب محمد نامی شخص سے 6 لاکھ 80 ہزار روپے کی خریدی گئی تھی اور کچھ عرصے سے ذیشان جاوید کے استعمال میں تھی۔ خیال رہے کہ جس وقت سانحہ ساہیوال پیش آیا اس وقت گاڑی ذیشان چلا رہا تھا جسے حکومت دہشتگرد قرار دے رہی ہے۔
نجی ٹی وی کو ذرائع نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں دہشتگرد عدیل حفیظ کے ساتھ عثمان ہارون نامی دہشتگرد بھی مارا گیا تھا اور ذیشان کے فون سے اس کی دہشتگرد عثمان کے ساتھ سیلفی بھی حاصل کرلی گئی ہے۔