اگلے سال ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں اضافہ کریں گے،یاسر ہمایوں

اگلے سال ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں اضافہ کریں گے،یاسر ہمایوں

  



لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڑ میں نئے بی ایس بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب میں کالج پرنسپل اعزاز احمد خان، ڈائریکٹر کالجز لاہور سخاوت علی ڈوگر اور اساتذہ نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ تمام پراجیکٹس کو وقت پر مکمل کرے۔ اگلے سال ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں مزید اضافہ ہو گا جس سے حالات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں جب تک اساتذہ خوش نہیں ہوں گے تعلیمی معیار بہتر نہیں ہو سکتا ہمارا ہر اقدام اساتذہ کی بہتری کے لئے ہے۔ وزیر ہائر ایجوکیشن نے کمیونیٹی کالجز کے حوالے سے منفی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے گورنمنٹ کالجز کو یونیورسٹیز میں ضم کر کے فیس بڑھا دی جاتی تھی جبکہ اب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ تمام کالجز کو واپس لے رہا ہے۔

کالج میں اساتذہ کو ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ تعینات کرے گا جبکہ فیس بھی ڈپارٹمنٹ طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کالج کا صرف یونیورسٹی سے صرف الحاق ہو گا جبکہ انتظامی امور ڈپارٹمنٹ دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو سالہ ڈگری کروانے والے کالجز کا صرف نام تبدیل کیا گیا ہے سٹرکچر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اساتذہ ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ملازم ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود ٹیچرز ہی کمیونیٹی کالج میں پڑھائیں گے۔ کمیونیٹی کالجز میں 150 ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز متعارف کر وائے جا رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے