عقیدہ ختم نبوت ؐپر پورے دین کی عمارت قائم ہے،مولانا اللہ وسایا

عقیدہ ختم نبوت ؐپر پورے دین کی عمارت قائم ہے،مولانا اللہ وسایا

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے زیراہتمام ختم نبوت کانفرنس جامع مسجد امن باغبانپورہ میں مجلس لاہور کے سرپرست قاری جمیل الرحمن اختر کی صدارت میں ہوئی۔ختم نبو ت کانفرنس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماشاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا، مرکزی نشرواشاعت مولانا عزیز الرحمن ثانی، لاہور کے نائب امیر پیرمیاں رضوان نفیس،مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم، مولانا زبیر جمیل، مولانا عبیدالرحمن معاویہ، مولانا خالدمحمود، مولانا سعید وقار نے شرکت کی۔ مولانا اللہ وسایا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت محفوظ ہے تو سارا دین محفوظ ہے۔عقیدہ ختم نبوت محفوظ ہے تو قرآن محفوظ ہے۔ ختم نبوت کی بر کت سے دین اسلام کی تعلیمات محفوظ ہیں اگر درمیان سے عقیدہ ختم نبوت کو نکال دیا جائے نہ دین باقی رہتا ہے نہ دین اسلام کی تعلیمات۔

اور نہ ہی قرآن باقی رہے گا کیونکہ بعد میں آنے والے ہر نبی کو دین میں تبدیلی اور تنسیخ کا حق حاصل ہو گا اس لئے عقیدہ ختم نبوت پر پورے دین کی عمارت قائم ہے اور اسی میں امت مسلمہ کی وحدت کا راز مضمر ہے۔ قاری جمیل الرحمن اختر نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ کرنا قرب خدا وندی اور نجات اخروی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کے تعاقب کا کام تمام عبادات کا خلاصہ ہے۔مولانا عزیز الرحمن ثانی نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگزبرداشت نہیں کریں گے۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ناموس رسالت ایکٹ کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے