آٹا بحران ختم،چند روز میں صورتحال معمول پر آجائیگی،ہمایوں اختر
لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آٹے کا بحران ختم ہو چکا ہے اور چند دنوں میں صورتحال معمول پر آ جائے گی، بحران کے اسباب کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس کے بعد موثر پالیسی بنائی جائے گی، ہم ایسی معیشت کیلئے کوشاں ہیں جس سے مستحکم ہائی گروتھ ریٹ آ سکے اور پاکستان کو بار بار آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے،حکومت گروتھ بڑھانے کے ساتھ اپنی استعداد بڑھانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں اور صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آٹے کابحران سامنے آنے پر اسے ختم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
اور اس پر قابو پا لیا گیا ہے اور چنددنوں میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔ ساری صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مستقبل میں اس کے سد باب کیلئے موثر پالیسی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سرتوڑ کوشش ہے کہ ہم نے مینو فیکچرننگ کا پہیہ دوبارہ چلانا ہے کیونکہ ریو نیو اور نوکریاں اسی سے آئیں گی۔ اس کے ساتھ رئیل اسٹیٹ اور سیاحت پر توجہ دی جارہی ہے، ہمارا سٹرکچر ایسا ہے کہ گروتھ بڑھنے کی صورت میں اس سے استفادہ کرنے کی استعداد نہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں اس پر کوئی کام نہیں ہوا، موجودہ حکومت اس پر بھی کام کر رہی ہے جس سے معاشی ترقی سے استفادہ کیا جا سکے گا۔