ٹانک،محسود قبائل کا 27جنوری کو احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

      ٹانک،محسود قبائل کا 27جنوری کو احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

  



ٹانک(نمائندہ خصوصی)جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کا یومحسود جرگہ نے معاوضہ چیکوں کی عدم ادائیگی کے باعث ضلعی انتظامیہ کمپاؤنڈ کے سامنے 27جنوری کو احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیاتفصیلات کے مطابق بروز منگل جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مشران کا مشترکہ یومحسود قبائل کے نام سے ضلعی انتظامیہ کمپاؤنڈ میں جرگہ منعقد ہوا جسمیں سینکڑوں مشران اور نوجوانوں نے شرکت کی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد اقبال، شمس محسود، شاہ فیصل غازی، ملک حبیب خان، ملک گل کرم، ملک کرامت اللہ شیرپاؤ ایڈوکیٹ، ملک بادشاہی خان ملک سیلہ خان اور دیگر نے کہا کہ اپریشنوں کے دوران محسود قبائل کے مکانات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے جس کے ازالہ کیلئے سروے کے نام سے معاوضہ چیک دینے کیلئے گزشتہ کئی سالوں سے کام جاری ہے لیکن بدقسمتی سے تین سالوں سے جاری سروے کے دوران کئے گئے ہزاروں کی تعداد میں سروے فارمز انتظامیہ کے دفاتر میں مختلف حیلے بہانوں سے التواء کا شکارہیں مقررین نے کہا کہ اس سے قبل انتظامیہ کے ساتھ کئی مرتبہ مذاکرات کئے جاچکے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانیوں اور تحریری معاہدوں کے باوجود عملی کاروائی تاحال عمل میں نہیں لائی گئی انہوں نے کہا کہ محسود قبائل کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے جبکہ اب اس ٹال مٹو ل اور حیلے بہانوں سے کام نہیں چلے گا انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ CLCPاور RRUسیم پکچر اور سیم ہاؤسز، ڈبل ایڈریس کے بہانوں سے ہمیں ٹرخارہی ہے جبکہ پکچر اور ہاؤس کا تعین ہمارا نہیں بلکہ حکومت کا کام ہے انہوں نے کہا کہ جس کسی کو بھی سروے ٹوکن دیا جاچکا ہے ان سب کو جب تک چیک نہیں دیئے جاتے اور جن علاقوں کا اب تک سروے نہیں کرایا گیا اس کے عمل کو مکمل نہ ہونے تک محسود قبائل چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے کہا کہ 27جنوری کو تمام محسود مشران اور نوجوانوں پر مشتمل مشترکہ طور پر ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان کمپاؤنڈ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائیگا جوکہ آخر ی سروے کے مکمل نہ ہونے تک جاری رہیگا مقررین نے محسود قبائل کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کو احتجاجی کیمپ میں بھر پور شرکت کی تلقین کی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر