کوہاٹ، 3دن سے بجلی بندش کیخلاف عوام کا احتجاجی مظاہرہ

  کوہاٹ، 3دن سے بجلی بندش کیخلاف عوام کا احتجاجی مظاہرہ

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوھاٹ کے لاچی ایکسپریس فیڈر سے ملحقہ علاقے سورگل اورپرانا جرما کی عوام نے تین دن سے بجلی بندش کے خلاف واپڈااربن 2 دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین واپڈا دفتر کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے۔ طویل بریک داون کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔گھروں اور مساجد میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی۔ سابق ناظم عبدالرزاق، سابق تحصیل کونسلر ضمیر خان، سابق ناظم گلزار، عبدالقدوس اور دیگر کی قیادت میں علاقہ سور گل اور ملحقہ دیہات کے سیکڑوں افراد واپڈا اربن 2 دفتر پہنچ گئے مشتعل مظاہرین نے دفتر کے سامنے شدید نعرے بازی کی دفتر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم علاقہ عمائدین نے ان کو توڑ پھوڑ سے روکا۔علاقہ عمائدین نے کہا کہ سور گل،پرانا جرما،تنگی بانڈہ،خروٹ آباد سمیت کئی دیہات میں تین دن سے بجلی بند کی گئی ہے بجلی بندش سے علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے مساجد میں پانی نہ ہونے سے نمازیوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو بجلی چوری میں ملوث ہیں واپڈا ان کے خلاف کارروائی کرے چند افراد کی سزا پورے علاقوں کو نہ دی جائے۔اس موقع پرایس ڈی او محمد فاروق،ایل ایس عبدالرحمان نے سابق عوامی نمائندگان کے ساتھ مذاکرات میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمیت تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی جس پر مظاہرین عارضی طور پر منتشر ہوگئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر