خیبر پختونخوا اور وفاق ہائیڈل منصوبوں کے منافع واجبات کی ادائیگی پر متفق

خیبر پختونخوا اور وفاق ہائیڈل منصوبوں کے منافع واجبات کی ادائیگی پر متفق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اوروفاقی حکومت کے مابین ملاکنڈ تھری اور پیہور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے خالص منافع کی مد میں واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔وزارت پانی و بجلی خیبر پختونخوا کو مذکورہ ہائیڈل منصوبوں کے 8.5 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے عمل کوتیز کرنے پر متفق ہوئی ہے۔وفاق کی جانب سے صوبے کو واجبات کی ادائیگی سے متعلق یہ اہم پیشرفت خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی سربراہی میں محکمہ خزانہ اور پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے حکام پر مشتمل ٹیم اور وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی افتخار علی اور پاورڈویژن کے حکام کے مابین اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں سامنے آئی ہے۔اجلاس میں توانائی کی تقسیم کار کمپنیوں پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (PESCO) اور ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (TESCO) کی کارکردگی اورپورے صوبے میں بجلی کے ترسیلاتی ڈھانچے کی بہتری کے لئے خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ تیمور سلیم نے وزارت پانی وبجلی کے حکام کو خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں عوام کو بجلی سے متعلق درپیش تکالیف اورمسائل کے حل کے سلسلے میں ہرممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈتھری اور پیہور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی خالص پن بجلی منافع کے بقایاجات کی ادائیگی کا معاملہ گزشتہ ایک دہائی سے التواء کا شکار تھا،جس میں موجودہ صوبائی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے سنجیدگی کی بدولت بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو پن بجلی کے واجبات کی ادائیگی پر وفاق کی جانب سے تعاون کا مظاہرہ کرنا صوبائی حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے کی جانے والی کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات اور مالی نظم وضبط کی بدولت نہ صرف صوبے بشمول قبائلی اضلاع کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کیا گیا بلکہ صوبائی محاصل میں بھی مثالی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔تیمور سلیم نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے پن بجلی واجبات کی بروقت ادائیگی کی بدولت صوبے کو ترقیاتی منصوبوں کے لئے معاشی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں بھرپور مدد ملے گی۔انہوں نے پن بجلی کے خالص منافع کے بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلے میں وفاقی وزیر پانی وبجلی عمر ایوب اور وفاقی سیکرٹری پاور ڈویڑن کی کاوشوں کو بھی بھرپور سراہا۔