راہزن گینگ گرفتار، اسلحہ موٹر سائیکل اور مسروقہ موبائل فونز برآمد
پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سات رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، کارروائی تھانہ تہکال پولیس نے کی ہے، گرفتار ملزمان میں 5 موبائل و موٹر سائیکل سنیچرز اور مسروقہ موبائل فون خریدنے والے دو ریسورز شامل ہیں، ملزمان میں سے ایک کا تعلق ضلع باجوڑ سے ہے، گرفتار افراد نے ابتدائی تفتیش کے دوران دیگر اضلاع میں بھی اسلحہ کی نوک پر راہزنی کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیاہے جن کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ،موٹر سائیکل اور 23 عدد چھینے گئیموبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں، برآمد ہونے والے موبائل فونز کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد تمام موبائل فونز اپنے اصل مالکان کے حوالہ کئے جائیں گے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف منظم کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جس کے دوران گزشتہ روز ڈی ایس پی ٹاون مختیار علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ تہکال شہر یار خان نے پلوسئی قبرستان میں سنگین واردات کی غرض سے موجود 5مسلح ملزمان رمضان ولد سلیم خان، محمد کامران ولد نور گل، صابر خان ولد زبیر خان، عرفان اللہ ولد عبد الوہاب اور رحمداد ولد نور عالم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت دیگر اضلاع میں بھی راہزنی کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر تے ہوئے چھینے گئے موبائل فونز ریسورز کے نام بھی اگل دئیے جن کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان جان محمد ولد مردان خان اور سلمان ولد جو ہر خان ساکن تاج آباد کو بھی گرفتار کر لیاگیا،ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والااسلحہ دو عدد پستول اور دو عدد موٹرسائیکل سمیت مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے 23 عدد موبائل فونز بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، تمام برآمد شدہ موبائل فون کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد ان کو اپنے اصل مالکان کے حوالہ کیا جائے گا، گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے