انتخابی معاملات میں شفافیت کیلئے غیر جانبدار انہ حیثیت برقرار رکھوں گا سکند ر سلطان راجہ
لاہور(محسن گورایہ)چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ پر پہلی دفعہ تعینات ہونے والے ایک بیوروکریٹ سکندر سلطان راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس عہدے کی عزت اور تکریم میں اضافہ کریں گے، قوم کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے ملک میں انتخابات کے حوالے سے تمام معاملات کو نہ صرف شفاف بنائیں گے بلکہ اپنے عہدے کی غیر جانب دارانہ حیثیت کو بھی برقرار رکھیں گے۔ نمائندے کے ساتھ گزشتہ روز گفتگو میں وہ بڑے پر اعتماد تھے کہ تمام جماعتوں کے متفقہ فیصلے کی لاج رکھیں گے۔انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ جس طرح اپنی پوری سروس میں انہوں نے سخت محنت کی اسی طرح وہ الیکشن کمیشن میں بہتری لانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروے کار لائیں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی سول سروس کی ایڈمنسٹریٹو سروس کے پندرہویں کامن سے تعلق رکھنے والے سکندر سلطان راجہ دھیمے لہجے اور شریف مزاج کے ایک ایسے افسر ہیں جو سیاسی آقاوں کی خوشنودی کیلئے خوشامد کے ہتھیار کی بجائے محنت،کام اور ڈلیورنس پر یقین رکھتے ہیں۔ نرم دم گفتگو اور گرم دم جستجو پر یقین رکھنے والے پنجاب کے ایک زرخیز علاقے سرگودھا سے تعلق رکھنے والا یہ راجہ ایک اور بڑے بیوروکریٹ، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر کام کرنے والے سعید مہدی کے داماد ضرور ہیں مگر انہوں نے نام اپنی محنت سے بنایا،ذاتی رشتوں کو کبھی سیڑھی کے طور استعمال نہیں کیا۔ان کے ایک برادرنسبتی عامر احمد علی چیف کمشنر اسلام آباد ہیں جبکہ بے شمار بیوروکریٹس بھی ان کے عزیز وواقارب ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کچھ عرصہ پہلے ہی وفاقی سیکرٹری ریلوے کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ وہ آزاد کشمیر میں چیف سیکرٹری،پنجاب میں سروسز،مواصلات و تعمیرات اور دوسرے محکموں کے سیکرٹری بھی رہے۔سکندسلطان راجہ کا سروس کیرئر بڑا شاندار رہا،جہاں بھی تعینات ہوئے انہوں نے وہاں نہ صرف کام کیا بلکہ اپنی کارکردگی کے انمٹ نقوش بھی چھوڑے۔
سکندر سلطان راجہ