کراچی، کچی آبادی میں آتشزدگی 100 سے زائد جھونپڑیاں خاکستر

کراچی، کچی آبادی میں آتشزدگی 100 سے زائد جھونپڑیاں خاکستر

  



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرقائد کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے باگڑی قبیلے کی کچی آبادی میں آگ لگنے سے 100 سے زائد جھونپڑیاں جل گئیں، پولیس کے مطابق آبادی کے 250 سے زائد مکین محفوظ رہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطا بق لیاقت آباد میں تین ہٹی کے قریب لیاری ایکسپریس وے کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق آبادی کیساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ آگ کے شعلے دیکھ کر پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران فائر بریگیڈ کو بھی آگ بجھانے کیلئے طلب کرلیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے ا و ر رات سوا 11 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں تک کچی آبادی کی لگ بھگ 100 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ فائر فائٹرز نے 4 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ مکمل طور پر بجھادی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کیلئے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جس پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے پانی کی کمی پوری کر دی۔ لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر لیاقت حیات خان کے مطابق آتشز د گی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس نے بروقت پہنچ کر پوری آبادی کو خالی کرا لیا تھا، علاقہ مکینوں کی مدد سے آبادی کے بیشتر مکینوں کا سامان بھی بچا لیا تاہم بیشتر جھونپڑوں کا سامان مکمل طور پر جل گیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

جھونپڑیاں آتشزدگی

مزید : صفحہ آخر