پہاڑوں پر برفبار ی سے رابطہ سڑکیں بند، شہری محصور، میدانی علاقوں میں بھی بارش
اسلام آباد /لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزرپورٹر) مری اور گلیات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے، بٹگرام میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سے لوگوں کو مشکلات سامنا ہے۔ سخت سردی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔سکردو میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہنے پر سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔پنجاب کے دارالحکومت میں ہونے والی ہلکی بوندا باندی کے باعث ایک بار پھر موسم کروٹ بدلی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔جبکہ آئندہ چند روز تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پنجاب کے کئی مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک پنجاب کے میدانی اور بالائی علاقے دھند کی شدید لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا بھی امکان ہے،موسم میں تبدیلی کے باعث ہوا میں نمی کا دباؤ زیادہ رہے گا اور ملک بھر میں بارشوں کا دورانیہ دو روز جاری رہنے کے بعد جمعہ کے دن موسم میں بہتری کی امید ہے۔
برفباری/بارش
مظفر آباد(آئی این پی) آزاد کشمیر کی برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا،خراب موسمی حالات کی وجہ سے بالائی علاقوں میں امدادی آپریشن روک دیا گیا،بالائی وادی نیلم میں ہزاروں افراد محصور، خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی علاقوں بشمول وادی لیپہ، آٹھ مقام، وادی شونٹھر، جاگران، سرگن، گریس، بالائی نیلم،کیل، شاردہ میں برفباری شروع ہو گئی ہے جبکہ مظفرآباد شہر میں بارش ہوئی۔وادی نیلم کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود بحال نہیں ہو سکا اور محکمہ شاہرات کی مشینری نے موسم صاف ہونے تک کام روک دیا ہے۔ وادی لیپہ کا زمینی راستہ بحال کرنے والی مشینری کو برفباری کی وجہ سے پیچھے ہٹا دیا گیا ہے۔ بالائی وادی نیلم میں ہزاروں افراد محصور ہیں اور خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیاہے۔گلگت بلتستان میں بھی برفباری کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، سردی اور برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ ادویات اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔کوٹلی ستیاں، مری، نتھیاگلی، شمالی وزیرستان، چھتر پلین، اسکردو، سوات، بالاکوٹ، شوگراں، ناران اور کاغان میں بھی شدید بارش و برفباری کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ شاہراہِ قراقرم شارکول ٹاپ کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی جس سے گلگت سے راولپنڈی آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
بارش و برفباری