احتساب عدالتوں سے نیب مقدمات میں سزا کی شرح 70فیصد ہے: جاوید اقبال

  احتساب عدالتوں سے نیب مقدمات میں سزا کی شرح 70فیصد ہے: جاوید اقبال

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ادارہ کی کرپشن فری پاکستان پر ایمان کی پالیسی پر قومی فرض سمجھ کر عمل کر رہے ہیں، نیب کی فارنزک سائنس لیبارٹری قائم ہونے سے انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری آئی ہے، احتساب عدالتوں میں نیب کے مقدمات میں سزا ء کی شرح 70 فیصد ہے۔ گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب افسران سے خطاب میں انکاکہنا تھا نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے آئین ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں بدعنوانی و اقرباء پروری کو بڑی برائیاں قرار دیا، یہ حقیقت میں زہر ہے، ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ قومی احتساب بیورو کو موثر اور مربوط طریقہ سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے قائم کیا گیا تھا، یہی پس منظر ہے جس کے باعث نیب قوم کو بدعنوانی سے بچانے کیلئے اپنے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے۔ نیب کی آپریشنل میتھڈالوجی تین مرحلوں، شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن پر مشتمل ہے، نیب افسران کو بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کے کرپشن فری پاکستان پر قومی فرض سمجھ کر عمل کر رہے ہیں۔ نیب افسران کی محنت، حوصلے، شفافیت اور میرٹ کو معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے سراہ رہے ہیں، نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانیوں کی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے اپنی کو ششوں کو دگنا کریں۔نیب کا کوئی ایک افسر یا اہلکار کا اثر و رسوخ کی بناء پر مقدمات بند کرنا ناممکن ہے کیونکہ نیب میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ نیب نے مقداری و معیاری بنیادوں پر تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بھی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا نظام وضع کیا ہے۔ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے، یہ نیب کی شاندار کارکر دگی کا اعتراف ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا نیب نے 2019ء کے دوران بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 153 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا نیب آرڈیننس 1999ء میں لوٹی گئی رقم کی وصولی پر زور دیا گیا ہے، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں، نیب نے بدعنوانی کیخلاف جنگ میں انفورسمنٹ پر مبنی سوچ اختیار کی ہے، لوگوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے انفورسمنٹ کے علاوہ آگاہی اور تدارک کی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

جاوید اقبال

مزید : صفحہ آخر