برطانوی شہزادہ ہیری اہلیہ اور بیٹے کے پاس کینیڈا پہنچ گئے
اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی شہزادہ ہیری شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد اپنی اہلیہ اور بیٹے کے پاس کینیڈا پہنچ گئے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ لندن سے بذر یعہ ہوائی جہاز وینکوور پہنچے، برطانوی اخبار نے ان کی تصویر بھی شیئر کی جس میں انہیں نیلے رنگ کی کیپ اور جینز پہنے سامان کیساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔اسکائی نیوز نے شہزادہ ہیری کی جہاز سے اترتے ہوئے ویڈیو بھی شیئر کی۔اطلاعات کے مطابق شاہی جوڑا وینکوور کے ساحلی علاقے میں گھر خریدنے کا خواہشمند لگتا ہے یا پھر ممکن ہے کہ وہ ٹورنٹو میں رہائش اختیا ر کریں جہاں میگھن مارکل کافی عرصہ ایک ٹیلی وژ ن سیریز ’سوٹس‘ کی شوٹنگ کے دوران رہی ہیں۔خیال رہے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو اب مکمل طور پر شاہی خاندان سے علیحدہ کردیا گیا ہے اور اب وہ برطانوی شاہی خاندان کا حصہ نہیں ہیں۔واضح رہے گزشتہ دنوں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جبکہ شاہی جوڑے کے ہاں 8 ماہ قبل ہی بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جوڑا شمالی امریکا اور کینیڈا منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
شہزادہ ہیری