سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا،جاوید رفیق

  سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا،جاوید رفیق

  



جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں پاکستانی صحافیوں کی قدیم اور نمائندہ تنظیم پاکستان جرنلسٹس فورم(پی جے ایف) کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جدہ سے سبکدوش ہونیوالے ہر دلعزیز آفیسر جاوید رفیق کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پاکستان جرنلسٹس فورم کے قائم مقام صدر اکرم اسد نے کی، پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے ممبران کی جانب سے مہمان خصوصی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاوید رفیق َفرض شناس اور ملنسار طبیعت کے مالک ہیں اور ان کی خدمات کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے اور پاکستان جرنلسٹس فورم کے ساتھ ان تعلقات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ امیر محمد خان نے کہا جاوید رفیق نے جرنلسٹس فورم کی وطن عزیز پاکستان اور سعودی عرب کے لازوال تعلقات پر رہنمائی بھی کی۔ جاوید رفیق نے اپنے خطاب میں اکرم اسد اور پاکستان جرنلسٹس فورم کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کیساتھ ساتھ اپنی مدت ملازمت کامیابی سے نبھا کرجارہا ہوں جبکہ قونصلیٹ کے دیگر افسروں اور سٹاف کے تعاون کا بھی میں مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری سے امید رکھتا ہوں وہ اپنی کمیونٹی اور ملک کیلئے مثبت انداز سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرینگے۔جاوید رفیق نے کہا پاکستان جرنلسٹس فورم ذمہ داری سے کام کر رہی ہے جو دیگر تنظیموں کیلئے قابل تقلید ہے۔ جاوید رفیق نے نئے افسر ابونصر شجاع کی تعریف کرتے ہوئے کہا لوگ ان کو مجھ سے بہتر پائیں گے۔اس موقع پر ابو نصر شجاع نے پاکستان جرنلسٹس فورم کو بھر تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں پریس قونصلر ارشد منیربھی موجود تھے۔تقریب کے آخر میں امیر محمد خان، قائم مقام صدر ر اسد اکرم، سید مسرت خلیل،خالد چیمہ، انجم ورائچ، امانت اللہ،محمد عدیل، یحییٰ اشفاق، معروف حسین اور مریم شاہدنے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یادگاری تحفہ پیش کیا۔

جاوید رفیق

مزید : صفحہ آخر