اندرون سندھ سے ملنے والی لاوارث بچی والدین کے حوالے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے گزشتہ روز لاوارث ملنے والی 13 سالہ بچی وومن ویسٹ زون پولیس نے سندھ کے علاقے میرپور بٹھورو سے والدین کو تلاش کرکے ان کے حوالے کردی۔وومن ویسٹ زون لیاقت آباد کی ایس ایچ او عظمی خان کے مطابق 20 جنوری کی رات لیاقت آباد میں نرالا سویٹ سے 13 سالہ بچی لاوارث ملی تھی جو اردو نہیں جانتی تھی صرف سندھی بول سکتی تھی، بچی مختلف بیانات دے کر پولیس کو گمراہ کرتی رہی تاہم کچھ کوشش کی گئی تو اس نے اپنا نام حدیث اور تعلق سجاول کے علاقے میرپور بٹھورو سے بتایا۔جس پر وومن پولیس نے سجاول پولیس کنٹرول کے ذریعے والدین کو تلاش کیا، سجاول کے متعلقہ تھانے کی پولیس کے ذریعے بچے کے والدین کو پولیس اسٹیشن بلوایا اور بچی کی والدین سے بات کرائی۔اس دوران بچی کو وومن ویسٹ زون لیاقت آباد تھانے میں ہی رکھا گیا اور منگل کی دوپہر بچی حدیث کو اس کے والد عثمان لوہار کے حوالے کر دیا گیا۔بچی کا والد کراچی سے ٹھٹھہ کی بس چلاتا ہے جس نے بچی کی صحیح سلامت ملنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔