سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام دھکے کھا رہے ہیں،خرم شیر زمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نا اہل سندھ حکومت کی وجہ سے عوام علاج معالجے کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں بھی دھکے کھا رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں دواوں کی قلت سے شہر مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہمارے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود سندھ حکومت کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی۔ میڈیا سیل انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے ہسپتالوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ سول ہسپتال کی ایمرجنسی میں جان بچانے والی ادویات سمیت کنولا، کاٹن اور دیگر بنیادی سہولیات تک موجود نہیں۔ حکومت سندھ کی نا اہلی کی وجہ سے عوام میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔ مہنگی ادویات اور علاج سے بچنے کے لئے ہی لوگ سرکاری ہسپتالوں کارخ کرتے ہیں لیکن شہر کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں بنیادی سہولیات موجود نہیں۔ وزیر صحت جواب دیں کہ صحت کے شعبے کے لئے مختص کیا جانے والا بجٹ کہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی توجہ صرف کرپشن پر لگی ہوئی ہے۔ 12سال سے صوبائی حکومت میں رہنے کے باوجود پیپلز پارٹی سندھ کا کوئی ادارے ٹھیک نہیں کر سکی۔ سندھ کے تمام محکمے کارکردگی دکھانے کے بجائے پیپلز پارٹی کی کرپشن اور اقرباء پروری کی نظر ہوگئے۔