ڈرامہ سیریز ”حقیقت“ میں کھیل ”بدنام محبت“ پیش
لاہور(فلم رپورٹر) سے نشر ہونے والی مقبول ڈرامہ سیریز ”حقیقت“ میں گزشتہ روز کھیل ”بدنام محبت“ پیش کیا گیا جو ایک ایسی لڑکی کی کہانی تھی جس نے جان بوجھ کر محبت کے نام پر ایسی غلطی کی جس نے نہ صرف اس کی بلکہ کئی خاندانوں کی زندگی تباہ کرکے رکھ دی کیونکہ بعض اوقات انسان سوچے سمجھے بغیر ایسے فیصلے کرتا ہے جس کے نتائج زندگی بھر بھگتنا پڑتے ہیں۔کہانی کے مطابق حریم (انمول بلوچ) اور صارم (اسامہ خان) کلاس فیلوز ہیں اور اسامہ دل ہی دل میں انمول کو پسند کرتا ہے لیکن جب اسے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ حریم نے منگنی کرلی ہے تو اس کے ارمانوں پر اوس پڑ جاتی ہے اور اسی منگنی کے بعد کہانی نیا رخ اختیار کرتی ہے۔ حریم کا منگیتر عدنان (سلمان سعید) اس سے مطالبہ کرتا ہے کہ مجھے اپنی کچھ گلیمرس تصاویر بنا کر بھیجو لیکن وہ انکار کردیتی ہے جس پر عدنان اسے مجبور کرتا ہے کہ اپنی ایسی تصاویر بنا کر بھجوا جن سے میری راتوں کی تنہائیاں دور ہوجائیں۔ بہر حال حریم اپنی کچھ تصاویر بناکر عدنان کو بھیج دیتی ہے اور اس سے یہ درخواست بھی کرتی ہے کہ وہ انہیں دیکھ کر ڈیلیٹ کردے۔حسن اتفاق سے عدنان کا موبائل ڈاکو چھین لیتے ہیں جو بعد میں حریم کی یہ تصاویر وائرل کردیتے ہیں جس سے جہاں اس کی منگنی ٹوٹ جاتی ہے وہیں اسے اپنا گھر بھی چھوڑنا پڑتا ہے۔وہ دارالامان میں پناہ لیتی ہے جہاں اسے زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔جب حریم زندگی سے بالکل مایوس ہوجاتی ہے تو ایسے میں ایک بار پھر صارم اس کا ہاتھ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے تھام لیتا ہے۔
صائمہ لطیف نے دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق کہانی لکھی جسے محمد اشعر اصغر نے اپنی بہترین ڈائریکشن کے ذریعے ایک یاد گار ڈرامہ بنایا دیا جس میں انمول بلوچ کی شاندار پرفارمنس کا بھی اہم کردار ہے۔ناظرین کی کثیر تعداد نے نہ صرف یہ کھیل پسند کیا بلکہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے ڈیمانڈ کی کہ ایسے اصلاحی ڈرامے زیادہ بنائیں تاکہ معاشرتی برائیوں سے بچا جا سکے کیونکہ ڈرامے میں جس موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے وہ آج کی بے شمار لڑکیوں کی کہانی ہے جو اس سے سبق سیکھ کر خود کو محفوظ بنا سکتی ہیں۔
7