بیٹل ایکس پولو کپ 2020ء کے دوسرے روز4 میچز کھیلے گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور گیریژن پولو کلب کے زیراہتمام بیٹل ایکس پولو کپ 2020ء کے دوسرے دن چار دلچسپ میچز کھیلے گئے۔ پاکستان پارک کیولری گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ماسٹر پینٹس نے دلچسپ مقابلے کے بعد پانچویں چکر میں سڈن ڈیتھ پر آرٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کو 8-7 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے ممتاز عباس نیازی نے چار، ماریانو ریگل نے تین جبکہ فاروق امین صوفی نے ایک گول سکور کیا جبکہ آرٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے حمزہ مواز خان نے تمام پانچوں گول سکور کیے جبکہ دو گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھادوسرے میچ میں ماسٹر پینٹس بلیک نے آدھے گول ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج کی بدولت نیوایج کی ٹیم کو 4.5-4 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے مینول کرانزا نے چاروں گول سکور کیے جبکہ آرٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے چاروں گول ایڈورڈ بینر ایو نے سکور کیے۔ تیسرے میچ میں اے او ایس پولو ٹیم نے بی این پولو ٹیم کو 8.5-5 سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔ اے او ایس پولو ٹیم کی طرف سے راجہ سمیع اللہ نے چار، کیان ہال تین جبکہ حمزہ علی حکیم نے ایک گول سکور کیا جبکہ بی این پولو ٹیم کی طرف سے بابر نسیم نے دو، احمد زبیر بٹ، ثاقب خان خاکوانی اور الوکیو سیلسٹینو نے ایک ایک گول سکور کیا۔ چوتھے اور آخری میچ میں باڑیز نے پلاٹینم ہومز کو 9-5.5 سے ہرا دیا۔ باڑیز کی طرف سے ارینسٹو ٹروٹز نے تمام نو گول سکور کیے۔ پلاٹینم ہومز کی طرف سے عامر رضا بہبودی نے چار جبکہ اعظم نون نے ایک گول سکور کیا۔